• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

علی سیٹھی ٹائم میگزین کی ’100 نیکسٹ‘ فہرست میں شامل

شائع September 28, 2022
علی سیٹھی کی تعریفیں کی گئیں—فوٹو: انسٹاگرام
علی سیٹھی کی تعریفیں کی گئیں—فوٹو: انسٹاگرام

’پسوڑی‘ فیم گلوکار علی سیٹھی کو معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین نے اپنی سالانہ ’100 نیکسٹ‘ فہرست میں شامل کرلیا، وہ واحد پاکستانی گلوکار ہیں جنہیں اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹائم میگزین نے ’100 نیکسٹ لسٹ‘ کا آغاز 2020 میں کیا تھا اور اس سال میگزین نے اس سلسلے کی تیسری فہرست جاری کی ہے، جس میں دنیا بھر کی 100 بہترین شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

’100 نیکسٹ لسٹ‘ میں مجموعی طور پر 5 کیٹیگریز میں دنیا کی 100 بہترین شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

میگزین نے 2021 کی فہرست فروری میں جاری کی تھی اور اس سال کی فہرست کو اب جاری کیا گیا ہے، جس میں اگرچہ متعدد مسلمان شخصیات شامل ہیں، تاہم اس میں براہ راست پاکستان سے ایک ہی شخصیت کو شامل کیا گیا ہے۔

فہرست میں علی سیٹھی کو آرٹسٹ کے بجائے ’انوویٹرز‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور ان سے متعلق دیے گئے مضمون میں ان کے گانے ’پسوڑی‘ کا ذکر کیا گیا ہے۔

علی سیٹھی اور شے گل کا گانا پسوڑی بہت مقبول ہوا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو
علی سیٹھی اور شے گل کا گانا پسوڑی بہت مقبول ہوا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو

علی سیٹھی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان کا گانا ’پسوڑی‘ عالمی سطح پر مشہور ہوا اور اب تک یوٹیوب پر اسے 40 کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے اور گانے کو پاکستان کے دشمن ملک بھارت میں بھی یکساں پسند کیا گیا۔

فہرست میں ایک پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ ندا منظور کو بھی شامل کیا گیا ہے اور انہیں ’ٓآرٹسٹ‘ کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔

فہرست میں پاکستان، برطانیہ، امریکا، جرمنی اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک سے لوگوں کو منتخب کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی 100 معروف شخصیات کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹائم میگزین ہر سال ’100 بااثر شخصیات‘ کی فہرست شامل کرنے سمیت ’پرسن آف دی ایئر‘ اور ’کڈ آف دی ایئر‘ سمیت دیگر طرح کی فہرستیں جاری کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024