• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ناک کی سرجری کے بعد میڈیا نے ’پلاسٹک چوپڑا‘ لکھا، پریانکا چوپڑا

شائع September 27, 2022
لوگ بھی پلاسٹک چوپڑا کہنے لگے تھے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
لوگ بھی پلاسٹک چوپڑا کہنے لگے تھے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

معروف بولی وڈ و ہولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں جب انہوں نے بعض پیچیدگیوں کے باعث ناک کی سرجری کروائی تو میڈیا نے ان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا نام ’پلاسٹک چوپڑا‘ رکھ دیا۔

شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ لائف‘ کے مطابق پریانکا چوپڑا کا ناک کی سرجری سے متعلق ان کی سوانح عمری ’انفنشڈ‘ میں بیان کیا گیا قصہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں انہوں نے اس وقت کی مشکلات کا کھل کر ذکر کیا ہے۔

پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری ’انفنشڈ‘ کو فروری 2021 میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے تمام رازوں سے پردہ اٹھایا تھا۔

سوانح عمری میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ جنوبی ایشیائی خطے سے تعلق رکھنے، ہندو مذہب کی پیروکار ہونے اور سانولی رنگت کی وجہ سے امریکا میں ان کے ساتھ نسلی و صنفی تفریق کا رویہ اختیار کیا گیا جب کہ انہیں دیگر طرح کی مشکلات بھی پیش آئیں۔

اسی کتاب میں انہوں نے اپنی ناک کی سرجری سے متعلق بھی قصہ بیان کیا ہے، جو اس وقت بھارت میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

بولی وڈ لائف کے مطابق اپنی کتاب میں پریانکا چوپڑا نے لکھا ہے کہ ناک کی ہڈی بڑھ جانے کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں مشکلات ہوتی تھی، جس وجہ سے انہوں نے سرجری کروائی جو کہ بدقسمتی سے غلط ہوئی۔

اداکارہ نے لکھا ہے کہ ان کی ناک کی سرجری غلط ہوئی، جس وجہ سے ان کی ناک سمیت ان کے چہرے کے خدوخال بھی کچھ تبدیل ہوگئے، جس پر لوگوں سمیت میڈیا نے بھی ان پر تنقید کی۔

اداکارہ کے مطابق اس وقت انہیں میڈیا نے پلاسٹک چوپڑا کے نام سے لکھنا شروع کیا اور لوگ بھی انہیں پلاسٹک کہنے لگے۔

پریانکا چوپڑا نے لکھا ہے کہ انہوں نے شوقیہ نہیں بلکہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے سرجری کروائی تھی اور لوگوں نے حقیقت معلوم کیے بغیر ہی ان پر تنقید کی اور خود وہ بھی ناک کی غلط سرجری ہونے پر پریشانی میں مبتلا رہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہیں خوف ہوگیا تھا کہ وہ دوبارہ اپنی اصلی صورت حاصل نہیں کر پائیں گی مگر بعد ازاں انہوں نے ناک کی متعدد چھوٹی سرجریز کروائیں، جس سے ان کی ناک کی اصل ساخت بحال ہوئی اور ان کے خدوخال بھی اصلی حالت میں بحال ہوئے۔

اس سے قبل پریانکا چوپڑا نے اسی حوالے سے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ ناک کی سرجری کروانے کے بعد انہیں کم از کم دو فلموں سے نکال دیا گیا تھا۔

پریانکا چوپڑا کے علاوہ بھی دیگر بولی وڈ، ہولی وڈ اور لولی وڈ اداکاراؤں پر ناک سمیت ہونٹوں، گال اور چہرے کی سرجری کروانے کے الزامات لگتے رہتے ہیں اور متعدد اداکارائیں اس بات کا اعتراف بھی کرتی رہتی ہیں کہ انہوں نے خوبصورتی بڑھانے کے لیے سرجریز کروائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024