بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو پائلٹ سمیت 6 اہلکار شہید
پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 2 پائلٹس سمیت تمام 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر کل رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان: پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتا، کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار
بیان کے مطابق 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر کے تمام 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہیدوں میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد شامل ہیں، دیگر عملے میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران شامل ہیں۔
شہید ہونے والوں کی تفصیلات
- آئی ایس پی آر کے مطابق میجر خرم شہزاد کی عمر 39 سال تھی اور ان کا تعلق اٹک سے تھا، انہوں نے سوگواروں میں بیوی اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔
- شہدا میں شامل میجر محمد منیب افضل کی عمر 30 سال تھی، ان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ انہوں نے ورثا میں دو بیٹے چھوڑے ہیں۔
- افسوسناک حادثے میں شہید صوبیدار عبدالواحد کی عمر 44 سال تھی، وہ کرک کے گاؤں صابر آباد کے رہائشی تھے، ان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی سمیت 4 بچے ہیں۔
- شہید محمد عمران کی عمر 27 سال تھی، وہ مخدوم پور خانیوال کے رہائشی تھے، وہ 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے۔
- شہید نائیک جلیل کی عمر 30 سال تھی، وہ ضلع گجرات کے رہائشی تھے، ان کے 2 بچے ہیں۔
- شہید سپاہی شعیب کی عمر 35 سال تھی اور وہ ضلع اٹک کے رہائشی تھے، وہ بھی شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: لاپتا فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، افسران سمیت 6 جوان شہید
واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں بھی پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں افسران سمیت پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا اور بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دینے والے اس ہیلی کاپٹر کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں