• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اسحٰق ڈار کو معیشت میں بہتری نہیں، منی لانڈرنگ میں تیزی کیلئے لایا جارہا ہے، اسد عمر

شائع September 24, 2022
اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو بغیر سوچے سمجھے دیا تھا—فوٹو: ڈان
اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو بغیر سوچے سمجھے دیا تھا—فوٹو: ڈان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمرنے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، اسحٰق ڈار کو معیشت ٹھیک کرنے نہیں بلکہ منی لانڈرنگ میں تیزی کے لیے لایا جا رہا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کے حوالے سے مقدمے میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ مشہور اینکر پرسن اور صحافی عمران ریاض خان نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ آرمی چیف نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ پاکستان میں معیشت کی تباہی کی وجہ اسحٰق ڈار کی پالیسی تھی، اب مجھے نہیں لگتا کہ اسحٰق ڈار کو ملک کی معیشت میں بہتری کے لیے لایا جارہا ہے بلکہ اگر منی لانڈرنگ میں کوئی کمی رہ گئی ہے تو انہیں اُس میں تیزی کے لیے لایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر الیکشن سے بھاگ رہی ہے، الیکشن کمیشن نے وہ تمام الیکشن بھی منسوخ کردیے جہاں سیلاب کا نام و نشان بھی نہیں تھا کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ عمران خان سے سیاسی میدان میں مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو بغیر سوچے سمجھے دیا تھا، ملک میں مہنگائی کا جو پہلے خطرہ منڈلا رہا تھا اس میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، ملک کے مسائل کو سنبھالنا حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ انتخابات نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے، اسد عمر

اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کہتی ہے کہ یہ لوگ مہنگائی ختم کرنے آئے ہیں لیکن حکومت پچھلے 6 ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 16 فیصد سے 45 پر لے آئی، مہنگائی میں اتنا زیادہ اضافہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا، مہنگائی کی وجہ سے پاکستان میں فیکٹریاں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہورہی ہے، گاڑیاں بنانے کے کارخانے بند ہورہے ہیں اور ٹیلی فون اسمبلی کے پلانٹ بھی بند ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں بےروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھاکہ مہنگائی کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، کراچی میں جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے لیکن حکومت کی توجہ صرف اپنے اربوں اور کھربوں روپے کے کرپشن کے کیسز ختم کرکے جان چھڑانے پر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے نیب کے قانون میں ترمیم کے ساتھ این آراو ٹو لیا، ان کو لگتا ہے کہ ان کے سینکڑوں اربوں کے کیسز ختم ہوجائیں گے، ان کے کرپشن کی قیمت عوام مہنگے پیٹرول ، ڈیزل اور ہوش ربا بجلی کے بل کی شکل میں ادا کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، معیشت دلدل میں دھنستی چلی جارہی ہے، عوام مہنگائی کے پہاڑ میں دبتے چلے جارہے ہیں، کیا ہم پاکستان کو ایسے ہی ڈوبتا دیکھتے رہیں؟

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی تو کارکنوں کو رد عمل سے وہ خود بھی نہیں روک سکتے، اسد عمر

اسد عمر نے کہا کہ آج عمران خان نے کال دی ہے اور حکومت کے خلاف کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت پاکستان کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بڑے اجتماعات کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024