• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تیسرا ٹی20: انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے دی، سیریز میں 1-2 کی برتری

شائع September 23, 2022
انگلینڈ نے 63 رنز سے تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرلی—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
انگلینڈ نے 63 رنز سے تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرلی—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
—فوٹو:انگلینڈ کرکٹ ٹوئٹر
—فوٹو:انگلینڈ کرکٹ ٹوئٹر
بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم ٹوئٹر
بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم ٹوئٹر

انگلینڈ نے ہیری بروکس اور ڈوکیٹ کی شان دار بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی نپی تلی کارکردگی کی بدولت پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں باآسانی 63 رنز سے شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ اور ویل جیکس نے اوپننگ کی اور شراکت میں 18 رنز بنائے۔

محمد حسنین پچھلے میچ میں مہنگے ثابت ہوئے تھے تاہم تیسرے میچ میں اپنے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر فل سالٹ کو محمد نواز کے ہاتھوں کیچ کرایا، جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔

دوسری وکٹ پر جیکس اور ڈیوڈ ملان نے انگلینڈ کا اسکور 61 رنز تک پہنچایا تاہم عثمان قادر نے پاکستان کو دوسری وکٹ دلادی۔

ڈیوڈ ملان نے حیدرعلی کا کیچ بننے سے قبل 15 گیندوں پر 14 رنز بنائے تھے، جس میں 2 چوکے بھی شامل تھے۔

عثمان قادر نے 9ویں اوور میں انگلینڈ کو ایک اور نقصان پہنچایا، جب 22 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 40 رنز بنانے والے ویل جیکس محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے۔

بین ڈوکیٹ اور ہیری بروکس نے اچھی شراکت داری کی اور 11 اوور میں انگلینڈ کی اننگز کے 100 رنز مکمل کیے، بروکس نے چھکے مارتے ہوئے ٹیم 104 رنز تک پہنچایا۔

ہیری بروکس اور بین ڈوکیٹ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے باؤلرز کو وکٹ لینے کا موقع نہیں دیا۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان 69 گیندوں پر 139 رنز کی طویل اور ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی اور اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

ہیری بروکس نے صرف 35 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔

بین ڈوکیٹ نے 42 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اتنا اچھا نہیں ہوا جہاں کپتان بابراعظم تیسرے اوور میں 17 رنز کے مجموعے پر صرف 8 رنز بنا کر باؤنڈری پر ٹوپلی کے ایک اچھے کیچ کی وجہ سے آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے اور 14 گیندوں پر 8 رنز بنا کر ٹوپلی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں منتخب ہو کر تینوں میچ کھیلنے والے نوجوان بلےباز حیدر علی ایک دفعہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 3 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر معین علی کو کیچ دے گئے۔

افتخار احمد کی اننگز بھی 6 رنز تک محدود رہی، جس میں ایک چوکا شامل تھا۔

شان مسعود اور خوشدل شاہ نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں پاکستان کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا لیکن اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں خوشدل آؤٹ ہوگئے۔

خوشدل شاہ 21 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

خوشدل شاہ کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود نے محمد نواز کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا اور ٹی20 میں اپنی اولین نصف سنچری بھی مکمل کی۔

محمد نواز نے 19 رنز بنا کر شان مسعود کا ساتھ دیا لیکن عادل رشید نے انہیں مزید موقع نہیں دیا اور 142 کے اسکور پر ان کو آؤٹ کردیا۔

عثمان قادر آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جو کھاتہ کھولے بغیر رن آؤٹ ہوئے، جس کے بعد حارث رؤف 4 رنز بنا کر ووڈ کی وکٹ بنے۔

پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بنا سکی۔

شان مسعود نے آؤٹ ہوئے بغیر 65 رنز بنائے، محمد حسنین نے 6 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، عادل رشید نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے 221 رنز کا دفاع کرتے ہوئے میچ 63 رنز سے جیت لیا۔

شان دار بیٹنگ کرنے والے ہیری بروکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بابراعظم کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ وکٹ اچھی ہے، جس میں 150 سے 180 رنز کا ہدف قابل رسائی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ مسلسل میچز کھیلنا اتنا آسان نہیں تاہم سب ٹھیک ہے۔

معین علی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے لیکن اب حریف ٹیم کے خلاف بڑا اسکور ترتیب دینے اور پھر وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

پچھلے میچ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی، صرف آخری 10 اوورز اچھے نہیں تھے لیکن انہوں نے غیرمعمولی انداز میں کھیلا۔

انگلینڈ نے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کیں، سیریز کے پہلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے الیکس ہیلز کو بھی آرام کا موقع دیا گیا ہے، ڈیوڈ ویلی بھی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

دوسری جانب پاکستان نے گزشتہ ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

انگلینڈ: معین علی(کپتان)، فل سالٹ، ویل جیکس، ڈیوڈ ملان، بین ڈوکیٹ، ہیری بروکس، سیم کیوران، لیام ڈاؤسن، عادل رشید، مارک ووڈ، ریس ٹوپلی

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، حیدرعلی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، محمد حسنین، شاہنواز دھانی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024