• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات، بائیڈن کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعادہ

شائع September 23, 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی — فوٹو: وزیراعظم آفس ٹوئٹر
وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی — فوٹو: وزیراعظم آفس ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی جہاں امریکی صدر نے سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

وزیر اعظم آفس سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے عشایے میں جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی۔

سرکاری خبر ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ملاقات کے دوران پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں ہونے والی سیکڑوں اموات پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: سیلاب کی تباہ کاریوں پر عالمی ردعمل 'قابل ستائش لیکن ناکافی ہیں‘، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کی طرف سے ہمدردی کے اظہار، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر ان کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر بھی امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے تیسرے روز سیلاب کی تباہ کاریوں کے لیے پاکستان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا اس یکجہتی کے اظہار کو ٹھوس اقدامات میں تبدیل کرے تاکہ پاکستان کو اس بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نیویارک میں امریکی نشریاتی ادارے 'بلوم برگ' ٹی وی کو انٹرویو بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سیلاب کے باعث مشکل صورت حال ہے، لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور مجھے اس وقت ان کے درمیان ہونا چاہیے تھا لیکن میں یہاں دنیا کو یہ بتانے آیا ہوں کہ ہمارے ساتھ، ہمارے لوگوں کے ساتھ کیا ہوا ہے۔

وزیر اعظم نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث ہونے والی غیر معمولی بدترین بارشوں کے باعث ملک میں تباہی پھیلی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ سیلاب متاثرین کیلئے ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کرے گا، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ اس ماحولیاتی آلودگی میں ہمارا کردار اور حصہ بہت کم ہے، عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں ہمارا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، ہمارا حصہ 0.8 فیصد ہے جب کہ ہم اس کے خطرناک اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کئی عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں ہونے والی تباہی پر بات کی، میں پاکستان کے بارے میں بات کرنے پر امریکی صدر جو بائیڈن کا مشکور ہوں، ترک صدر رجب طیب اردوان اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کا یقین دلایا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر میکرون، ترک صدر رجب طیب اردوان، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سربراہان سے بھی غیررسمی ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024