• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی کے علاقے کورنگی میں 12 سالہ لڑکی کا 'بہیمانہ ریپ' کے بعد قتل

شائع September 22, 2022
پولیس سرجن کا کہنا تھا کہ لڑکی کی موت گلا دبانے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی — فائل فوٹو: شٹراسٹاک
پولیس سرجن کا کہنا تھا کہ لڑکی کی موت گلا دبانے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی — فائل فوٹو: شٹراسٹاک

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کم سن لڑکی کو ریپ کا نشانہ بنا نے کے بعد گلا دبا کر قتل کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس سرجن سمعیہ سید نے بتایا کہ 12 سالہ لڑکی کی لاش جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل سینٹر کے میڈیکو لیگل سیکشن میں لائی گئی اور پوسٹ مارٹم کے معائنے سے معلوم ہوا کہ اس کا بہیمانہ ریپ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیرولوجی اور ڈی این اے کی پروفائلنگ اور کراس میچنگ کے لیے نمونے لے لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیٹی کے ساتھ ریپ کا جرم چھپانے کیلئے ملزم نے اسے اور اہلیہ کو قتل کردیا

پولیس سرجن کا کہنا تھا کہ لڑکی کی موت گلا دبانے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔

زمان ٹاؤن کے ایس ایچ او رضوان پٹیل نے بتایا کہ لڑکی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ کام سے گھر واپس آئے تو انہوں نے اپنی بیٹی کی لاش چھت کے ساتھ لٹکی ہوئی دیکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو والد پہلے ہی لاش کو اتار چکے تھے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ والد قانونی کارروائی کی پیروی نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں طبی قانونی کارروائیوں کو مکمل کرنے پر راضی کیا۔

مزید پڑھیں: بہاولنگر: 7 سالہ بچے کے ریپ اور قتل کے جرم میں بڑا بھائی گرفتار

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ لڑکی گھر میں اکیلی تھی کیونکہ اس کی والدہ کچھ عرصہ قبل گھر چھوڑ کر جاچکی تھیں۔

پولیس سرجن نے کہا کہ لڑکی کی گردن پر پھندے سے لٹکنے کا کوئی نشان نہیں تھا، اسے قتل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے اختر کالونی میں 10 سالہ بچی کو ریپ کے بعد قتل کردیا گیا تھا، متاثرہ خاندان نے کرایہ داروں میں سے ایک 16 یا 17 سالہ لڑکے پر شک ظاہر کیا تھا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں بھی کورنگی میں ایک 12 سالہ لڑکی کو ریپ کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024