• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اگر مفتاح جارہے ہیں تو آ کون رہا ہے؟

شائع September 22, 2022

ایسا لگتا ہے کہ ہمارے وزیرِ خزانہ مفتاح اسمٰعیل 26 اکتوبر کو بطور وزیرِ خزانہ اپنا منصب چھوڑدیں گے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ انہوں نے بہت تنقید اور بحث و مباحثہ کا سامنا کیا۔ انہوں نے اِس پورے عرصے میں جہاں آئی ایم ایف سے تلخ و ترش سنی وہاں کہا بھی بہت کچھ۔ آئی ایم ایف نے مفتاح کے ساتھ وہ سب کچھ کیا اور وہ سب کچھ سنایا جو نہایت عرض مند مقروض کو مزید قرض کے حصول کے لیے سہنا اور سننا پڑسکتا ہے۔

عید تہوار خراب کرکے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے مفتاح اسمٰعیل اور عائشہ غوث نے جو کچھ کیا اس کی جس قدر تعریف کی جائے کم ہے، مگر کیا کیا جاسکتا ہے کہ آئین کی پاسداری بھی بہت ضروری ہے اور اس سے انحراف ہو ہی نہیں سکتا۔

معاملہ یہ ہے کہ مفتاح اسمٰعیل نہ تو قومی اسمبلی کے رکن ہیں اور نہ ہی سینیٹ کے، لہٰذا وہ آئین کی دفعہ 91 کے سیکشن 9 کے تحت صرف 6 ماہ کے لیے وزیر بن سکتے تھے اور 26 اکتوبر کو یہ عرصے پورا ہورہا ہے۔ اس آئینی شق کے مطابق کوئی بھی وزیر جو مسلسل 6 ماہ کی مدت تک قومی اسمبلی کا رکن نہ رہے وہ مذکورہ مدت کے اختتام پر وزیر نہیں رہ سکے گا اور مذکورہ اسمبلی کے توڑے جانے سے قبل اسے دوبارہ وزیر مقرر نہیں کیا جائے گا تاوقتکہ وہ اسمبلی کا رکن منتخب نہ ہوجائے۔

مفتاح اسمٰعیل اگر پارلیمان کے رکن نہیں بنتے تو وہ وزیر خزانہ بھی نہیں رہ سکیں گے— تصویر: ڈان نیوز
مفتاح اسمٰعیل اگر پارلیمان کے رکن نہیں بنتے تو وہ وزیر خزانہ بھی نہیں رہ سکیں گے— تصویر: ڈان نیوز

ہاں انہیں مشیر بنایا جاسکتا ہے، مگر ایسا کرنے کے لیے پہلے سے موجود کسی مشیر کو فارغ کرنا ہوگا کیونکہ آئینی طور پر وزیرِاعظم 5 سے زائد مشیر مقرر کرنے کے مجاز نہیں۔

تو کیا مفتاح گورنر اسٹیٹ بینک بنائے جاسکتے ہیں؟ بظاہر ایسا بھی ممکن نظر نہیں آتا کیونکہ جمیل احمد کو 26 اگست کو مفتاح اسمٰعیل کی سفارش پر ہی 5 سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک لگایا گیا ہے۔

چلیے مفتاح اسمٰعیل کے ساتھ تو جو ہوگا سو ہوگا، مگر پاکستان کے ساتھ کیا ہوگا؟ کیا عائشہ غوث پنجاب کے وزیرِ خزانہ کے بعد ملک کی وزیرِ خزانہ ہوسکتی ہیں، کیونکہ انہوں نے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے سارے ہی دور دیکھے ہیں مگر ایسا ہوتا بھی نظر نہیں آتا۔

آئین کی دفعہ 91 کا سیکشن 9
آئین کی دفعہ 91 کا سیکشن 9

خبر کچھ یوں گردش کرنا شروع کرچکی ہے کہ اگر عدالتِ عالیہ نے مفرور اسحٰق ڈار کی راہداری ضمانت منظور کرلی تو وہ سینیٹ کے رکن کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ایسا ہونے کی صورت میں میاں نوازشریف کے سمدھی، چارٹر اکاؤنٹنٹ اور سابق وزیرِ خزانہ کے راستے میں نہ کوئی رکاوٹ ہوگی اور نہ کسی کو اعتراض۔

میاں نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور شاہد خاقان عباسی کے ساتھ بطور وزیر کام کرنے والے اسحٰق ڈار سابق رکن قومی اسمبلی بھی ہیں اور آئندہ بھی اس بات کا امکان ہوسکتا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوں۔ اگر اگلے برس انتخاب میں ایسا ہوا تو موصوف وزیرِاعظم کے امیدوار بھی بن سکتے ہیں تاہم ابھی تو راہداری ضمانت پہلی کڑی ہے۔

یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ کیا عائشہ غوث پنجاب کے بعد ملک کی عزیر خزانہ بھی بن سکیں گی؟— تصویر: ٹوئٹر
یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ کیا عائشہ غوث پنجاب کے بعد ملک کی عزیر خزانہ بھی بن سکیں گی؟— تصویر: ٹوئٹر

پاکستان کی معیشت کو سنبھالنا کوئی آسان کام نہیں اور یہ ہر دور میں سنبھلتی بگڑتی رہی ہے مگر اب مراحل بہت ہی کٹھن ہیں۔ مفتاح کی رخصتی اور ڈار کی آمد نظر آنے کے بعد شاید عمران خان زیادہ پریشان ہوں کیونکہ ان کی یہ کوشش تھی کہ اسحٰق ڈار کی نشست کو خالی قرار دلوایا جائے مگر ایسا بھی نہیں ہوسکا۔

چند روز قبل انہی سطور میں تحریر کیا تھا کہ اگر مذاکرات ہوئے تو بات معیشت سے شروع ہوگی اور انتخاب تک خود بخود چلی جائے گی۔ عمران خان کے معمول کے مطابق نئے اعلان نے ارتعاش پیدا کیا ہے مگر تقریر اور چند اجتماعات کے علاوہ میرے نزدیک کچھ بھی نہیں ہوگا اور عمران خان اسلام آباد کے بجائے پشاور یا لاہور قیام کو ترجیح دیں گے۔

وہ جو جوابی حملہ کرکے مقدمات کا اندراج اپنے من پسند افراد کے ذریعے کروا کر صوبوں اور مرکز کے درمیان جس طرح کی محاذ آرائی چاہتے ہیں اس میں بھی نقصان انہی کا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صرف عمران خان کا دوسرا نام ہے اس کی بظاہر تنظیم اس بات کی غمازی کررہی ہے کہ پی ٹی آئی مرکز سے صوبے تک، صوبے سے شہر تک، شہر سے تحصیل تک، تحصیل سے یونین کونسل تک دو، دو اور اس سے زائد ڈھروں میں ابھی سے تقسیم ہوچکی ہے اور جن لوگوں کو امیدوار بنایا جائے گا ان کی تنظیمی مخالفت اپنی جگہ اور دیہی علاقوں میں ذات برادری کی تقسیم اور خاندانوں میں چوہدراہٹ کی لڑائی چومکھی اختیار کرے گی اور پی ٹی آئی اپنے ماضی کے تجربات کی روشنی میں اپنے ہی مہر بانوں کے ہاتھوں خراب ہوگی۔

عدالت سے ضمانت ملنے پر اسحٰق ڈار بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوسکتے ہیں— تصویر: اسکرین گریب
عدالت سے ضمانت ملنے پر اسحٰق ڈار بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوسکتے ہیں— تصویر: اسکرین گریب

پنجاب کی سیاست میں دھڑے بندی، تھانہ، کچہری کی بھی اپنی اہمیت ہوا کرتی ہے اور سابق وزیرِعلی پنجاب عثمان بزدار صاحب جو کچھ کرگئے ہیں اور جو کچھ اب ‘والد’ اور’ صاحبزادے’ کرنے جارہے ہیں، وہ گلے کا ہار بن جائے گا اور اگر اتحادیوں کی حکمتِ عملی کام کرگئی تو آئینی راستہ پھر اقتدار کی جنگ کا بگل بجائے گا اور اب پہلوان پوری تیاری اور گورنر ہاؤس کے سائے میں طے ہونے والی ترکیب کےساتھ اکھاڑہ سجائیں گے۔

ان دنوں انجلینا جولی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور تباہی و بربادی دیکھنے، غریبوں، بے بسی کے بتوں، نوزائیدہ بچوں اور ان کی ماؤں کی داد رسی کے لیے سندھ کے علاقوں میں موجود ہیں۔

دوسری طرف جس امریکی صدر سے شکایت تھی کہ وہ فون نہیں کرتے، انہوں نے اقوامِ متحدہ میں دنیا سے ہماری مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ بھی آنکھوں دیکھی روداد سنا رہے ہیں۔

دنیا کو فکر لاحق ہورہی ہے مگر نہ کوئی امداد مانگنے والا انجلینا جولی کو پُرتعیش کھانے کھلا کر متاثر کررہا ہے اور نہ ہی کوئی ہار پر نظر لگائے ہوئے ہے۔ جس قدر زبان فوجیوں کے شہر اور زمین چکوال میں استعمال کی گئی ہے خدا کرے کہ زبان کنٹرول ہو تاکہ ان کو کنٹرول نہ کرنا پڑے۔ اب باری رحیم یار خان کی ہے دیکھتے ہیں وہاں سے سندھ کے سیلاب متاثرین کی ہمدردی کے لیے جایا جاتا ہے یا جائے پناہ پشاور ہی بنے گی۔

عظیم چوہدری

عظیم چوہدری سینئر صحافی اور تجزیہ نگار ہیں۔ آپ کا ای میل ایڈریس ہے [email protected] اور آپ ٹوئٹر پر یہاں MAzeemChaudhary@ ان سے رابطہ کرسکتے ہیں

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024