معروف بھارتی کامیڈین راجو شری واستو 58 برس کی عمر میں چل بسے
معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار راجو شری واستو 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق راجو شری واستو 10 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
انہیں جِم میں ورزش کے دوران سینے میں درد اور چکرا کر گرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں فوری طور پر سی پی آر دیا گیا تھا اور پھر ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی، بعد ازاں انہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: معروف بھارتی اداکارہ کی لاش ان کی رہائش گاہ سے برآمد
گزشتہ ہفتے ان کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ راجو شری واستو آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں لیکن وہ تاحال وینٹی لیٹر پر ہی ہیں۔
راجو شری واستو نے 1980 کی دہائی میں ہندی فلموں میں بطور اداکار انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔
انہوں نے 2005 میں ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ میں حصہ لینے کے بعد شہرت حاصل کی جوکہ اسٹینڈ اپ کامیڈی کے لیے ایک ریئلٹی شو تھا۔
انہوں نے ’میں نے پیار کیا‘، بازی گر، بمبئی ٹو گوا اور آمدنی اٹھنی، خرچہ روپیہ‘ جیسی مشہور ہندی فلموں میں بھی کام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ گوہر خان کے والد انتقال کرگئے
راجو شری واستو کو اداکاروں اور سیاسی رہنماؤں کی ممکری (نقل اتارنے) پر بھی بہت پسند کیا جاتا تھا، 2017 میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی ان کی ممکری سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ممکری کو ایک فن سمجھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’نریندر مودی نے مجھ سے کہا کہ اگر آپ چاہیں تو میری نقل ضرور اتار سکتے ہیں، بس اس بات کا خیال رکھیں کہ شائقین کو تفریح فراہم ہو‘۔
راجو شری واستو کی وفات پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکارہ سری دیوی انتقال کر گئیں
ان کے انتقال پر شوبز انڈسٹری سمیت سیاسی و سماجی حلقوں اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اظہار افسوس کیا جارہا ہے۔
راجو شری واستو فلم ڈیولپمنٹ کونسل اتر پردیش کے چیئرمین بھی تھے اور انہوں نے ریاست میں فلم سٹی بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔
آنجہانی فنکار نے پسماندگان میں اہلیہ اور 2 بچے چھوڑے ہیں۔