• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

اسلام آباد: سینیئر خاتون صحافی کے گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کا بدترین تشدد

شائع September 21, 2022
پولیس نے بتایا کہ جب خاتون  صحافی چِلائیں تو ڈاکوؤں نے انہیں گھونسے، تھپڑ اور لاتیں ماریں— فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے بتایا کہ جب خاتون صحافی چِلائیں تو ڈاکوؤں نے انہیں گھونسے، تھپڑ اور لاتیں ماریں— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد کے علاقے میڈیا ٹاؤن میں 5 مسلح ڈاکوؤں نے رات 3 بجے سینیئر خاتون صحافی فوزیہ شاہد کے گھر میں گھس کر انہیں اور ان کے شوہر کو بندوق کی نوک پر زدو کوب کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جب خاتون صحافی نے شور مچایا تو ڈاکوؤں نے انہیں گھونسے، تھپڑ اور لاتیں ماریں۔

ڈاکوؤں نے خاتون صحافی سے ایک موبائل فون اور طلائی زیورات بھی چھین لیے اور انہیں گھر کی پہلی منزل پر چلنے کا کہا، خاتون صحافی نے مزاحمت کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے انہیں بالوں سے گھسیٹا اور بدسلوکی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: نارتھ ناظم آباد میں ‘ڈاکوؤں کی’ کار پر فائرنگ، صحافی جاں بحق

ان کے چیخنے پر ڈاکوؤں نے ان کو ایک کمرے میں بند کر دیا اور اوپر چلے گئے، تاہم ان کی بہو نے خود کو کمرے میں بند کر لیا، ملزمان دروازہ کھولنے میں ناکام ہونے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے۔

واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پولیس اور انتظامیہ کو ملزمان کی گرفتاری اور ان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے بھی کہا کہ وہ اس کیس میں ذاتی دلچسپی لیں اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں: سال 2021 میں پاکستان میں 4 سمیت 55 صحافی قتل ہوئے، رپورٹ

صدر نیشنل پریس کلب انور رضا اور دیگر عہدیداران نے بھی فوزیہ شاہد اور ان کے شوہر کے ساتھ بدسلوکی کی شدید مذمت کی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی کے گھر ڈکیتی کی واردات نے پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، جڑواں شہروں کے مکینوں کو جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، صحافتی تنظیمیں واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج کریں گی۔

دریں اثنا راولپنڈی-اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) نے بھی واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ میڈیا ٹاؤن میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں میڈیا والوں کے لیے تشویش کا باعث ہیں، پولیس گزشتہ واقعات میں ملوث مجرمان کا سراغ لگانے میں بھی ناکام رہی ہے۔

صدر آر آئی یو جے عابد عباسی، جنرل سیکرٹری طارق ورک اور فنانس سیکریٹری کاشان اکمل نے وزارت داخلہ اور سربراہ اسلام آباد پولیس سے سینئر صحافی کے گھر ڈکیتی میں ملوث ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024