• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی 20 انٹرنیشنل، آسٹریلیا نے 209 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرکے بھارت کو شکست دے دی

شائع September 21, 2022
— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

آسٹریلیا کی ٹیم نے 3 میچوں کی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کی جانب سے دیا گیا 209 رنز کا بڑا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کیمرون گرین نے 30 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ایک وکٹ بھی حاصل کی، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت کے شہر موہالی میں کھیلے جانے والے ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارتی ٹیم کو آغاز میں کچھ مشکلات پیش آئیں، روہت شرما 11 اور ویرات کوہلی صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، 5 اوور کے اختتام پر بھارتی ٹیم نے 35 رنز بنائے تھے۔

تاہم کے ایل راہول اور یادیو کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے بھارت کی جانب سے اس میچ میں 42 گیندوں پر 68 رنز کی سب سے بڑی شراکت قائم ہوئی۔

کے ایل راہول 35 گیندوں پر 55 رنز بنا کر ہیلزووڈ کی گیند پر ایلز کو کیچ دے بیٹھے۔

بعد ازاں سوریا کمار یادیو بھی 25 گیندوں پر 46 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، تاہم دوسرے اینڈ سے ہاردیک پانڈیا نے بیٹنگ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔

15 اوور میں بھارت نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے تھے۔

ہاردیک پانڈیا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 30 گیندوں پر 71 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور ٹیم کا مجموعہ 208 رنز تک پہنچا کر آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت نے آخری پانچ اوورز میں 67 رنز حاصل کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر نیتھن ایلز رہے، انہوں نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوش ہیزل ووڈ نے 2 اور کیمرون گرین نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور کیمرون گرین نے اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم ایرون فنچ 13 گیندوں پر 22 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

آسٹریلیا نے ابتدائی 6 اوورز (پاور پلے) میں ایک وکٹ کے نقصان پر 60 رنز بنائے۔

دوسری وکٹ کے لیے میچ کی سب سے بڑی شراکت اسمتھ اور گرین کے درمیان بنی، انہوں نے 40 گیندوں پر 70 رنز بٹورے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیمرون گرین تھے، وہ 30 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اے آر پٹیل کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی 12 ویں اوور میں 2 کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے، جب اسٹیون اسمتھ 35 اور میکس ویل 1 رنز بنا کر امیش یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کی وجہ سے بھارت میچ میں واپس آگیا تھا۔

تاہم 18 ویں اوور نے میتھیو ویڈ نے 2 چھکے اور ٹم ڈیوڈ نے ایک چھکا مارا، اور اس اوور میں 22 رنز حاصل کرکے آسٹریلیا کے لیے جیت کی راہ ہموار کی۔

آسٹریلیا کو آخری 2 اوورز میں جیتنے کے لیے 18 رنز کی ضرورت تھی۔

میتھیو ویڈ کے 3 چوکوں کی بدولت آسٹریلیا نے 19 ویں اوور میں بھی 16 رنز حاصل کیے۔

آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے آخری اوور میں صرف 2 رنز کی ضرورت تھی، چاہل کی پہلی گیند پر ڈیوڈ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم دوسری گیند پر کمنز نے 4 مار کر وننگ شارٹ کھیلا۔

میتھیو ویڈ نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر ناقابل شکست رہے۔

بھارت کی جانب سے بھنیشور کمار سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے انہوں نے 4 اوور میں 52 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔

بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل 4 اوور میں 17 رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کرکے سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ امیش یادیو نے 2 اور چاہل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024