• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان پہنچ گئیں

شائع September 20, 2022 اپ ڈیٹ September 21, 2022
— فوٹو: پی ٹی وی  ٹوئٹر
— فوٹو: پی ٹی وی ٹوئٹر

انسان دوست، ہولی وڈ اداکارہ اور سماجی کارکن انجلینا جولی منگل کی دوپہر پاکستان پہنچی ہیں تاکہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے براہ راست بات اور ان کی مدد کرسکیں۔

انجلینا جولی اس وقت سندھ کے ضلع دادو کے دورے پر ہیں جہاں وہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انجلینا جولی صورتحال کا خود مشاہدہ کرنے کے لیے آئی ہیں تاکہ وہ لوگوں سے ان کی ضروریات اور مستقبل میں ایسی پریشانیوں سے بچنے کے بارے میں پوچھ سکیں۔

اداکارہ انجلینا جولی مبینہ طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے دادو کے زمزمہ آئل فیلڈ پہنچی ہیں، اور انہوں نے کشتی کے ذریعے جوہی اور ارد گرد کے علاقوں کا سروے کیا، توقع ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کریں گی۔

— فوٹو: پی ٹی وی ٹوئٹر
— فوٹو: پی ٹی وی ٹوئٹر

اس سے قبل انجلینا جولی 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے سیلاب کے بعد ہنگامی ردعمل کے آپریشنز کے تحت وہ دورہ کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انجلینا جولی اور نیٹو خواتین و بچوں پر جنسی تشدد کو روکیں گے

فلم ‘میلی فیسنٹ’ کی اداکارہ پاکستان میں متاثرہ لوگوں کی فوری امداد کی ضرورت پر روشنی ڈالیں گی، اس کے ساتھ ساتھ وہ موسمیاتی تبدیلی کے بحران اور بے گھر ہونے والے افراد کے حوالے سے طویل المدتی حل پر بھی بات کریں گی۔

— فوٹو: پی ٹی وی ٹوئٹر
— فوٹو: پی ٹی وی ٹوئٹر

پریس ریلیز کے مطابق آئی آر سی کو امید ہے کہ ان کے دورے کے بعد عالمی برادری خاص طور پر امریکا جو زیادہ کاربن کا اخراج کرتا ہے، موسمیاتی بحران سے متاثرہ ممالک کی فوری طور پر مدد کریں گے۔

آئی آر سی پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر شبنم بلوچ نے کہا کہ موسمیاتی بحران پاکستان کے مستقبل اور زندگیوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، اس کے خواتین اور بچوں پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے معاشی نقصان کے سبب ممکنہ طور پر خوارک کا عدم تحفظ اور لڑکیوں اور خواتین کے خلاف تشدد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

شبنم بلوچ نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے تاکہ ان لوگوں تک پہنچ سکیں جنہیں اس کی فوری ضرورت ہے، اور طویل المدت سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔

مزید پڑھیں: براڈ پٹ اور انجلینا جولی کی طلاق اور بچوں کی حوالگی کے کیس میں نیا موڑ

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں میں مزید بارشیں ہوسکتی ہیں، ہمیں امید ہے کہ انجلینا جولی کا دورہ دنیا کو جگانے اور عملی اقدامات کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے حالیہ تخمینے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لوگوں کو فوری طور پر کھانا، پینے کا پانی، سر چھپانے کی جگہ اور طبی امداد کی ضرورت ہے۔

ایک سروے میں رپورٹ کیا گیا کہ خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو ماہواری میں استعمال ہونے والی مصنوعات تک کوئی رسائی نہیں ہے۔

آئی آر سی انسانی امداد کے تحت ‘ہائی جین کٹس’ کے ساتھ 50 ہزار خواتین اور لڑکیوں تک پہنچی ہے تاکہ خواتین کے خدشات حل کیے جاسکیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024