پاک-انگلینڈ ٹی20سیریز: کراچی پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا
کراچی ٹریفک پولیس نے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کل شروع ہونے والے ٹوئنٹی20 سیریز کے پہلے میچ سے قبل ٹریفک پلان جاری کردیا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میچ کے دن لیاقت آباد سے اسٹیڈیم روڈ حسن اسکوائر فلائی اوور کے راستے ٹریفک گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کل (20 ستبمبر) سے اتوار (24 ستمبر) تک چار میچ شہر قائد میں کھیلے گی جس کے بعد 7 میچوں کے آخری تین میچ لاہور میں کھیلنے کے لیے روانہ ہوگی۔
مزید پڑھیں: پاک ویسٹ انڈیز سیریز: دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل
بیان میں کہا گیا کہ عام عوام کو بھی اسٹیڈیم روڈ کے لیے ایکسپو سینٹر سے دائیں طرف مڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس نے شہریوں کو تجویز دی ہے کہ میچ کے دوران وہ متبادل کے طور پر یونیورسٹی روڈ پر سفر کریں جبکہ اسٹیڈیم روڈ سے حسن اسکوائر فلائی اوور تک سڑک عام عوام کے لیے کھلی رہے گی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مندرجہ ذیل راستوں پر بھاری ٹریفک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
- سہراب گوٹھ سے نیپا کی طرف
- لیاقت آباد نمبر 10 تا حسن اسکوائر
- پی پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ
- کارساز سے اسٹیڈیم روڈ
- ملینیم سے نیو ٹاؤن
- اسٹیڈیم روڈ سے حسن اسکوائر
ماضی میں کراچی میں کرکٹ میچوں کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات پر عوام نے تنقید کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹیسٹ میچ: ترمیم شدہ ٹریفک پلان جاری، اسٹیڈیم کے راستے کھلے رکھنے کا فیصلہ
کراچی میں سول سوسائٹی کارکنان، انسانی حقوق کے کارکنان اور مزدور رہنماؤں نے ٹریفک پولیس کے شہریوں سے اپنائے گئے رویے اور گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران سیکیورٹی کے بہانے نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف مقیم شہریوں کے لیے ٹریفک بند کرنے پر سخت تنقید کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب کبھی کوئی کرکٹ میچ یا قومی کرکٹ ٹیم کا نیشنل اسٹیڈیم میں میچ ہوتا ہے تو کے ڈی اے اسکیم، گلشنِ اقبال، ڈالمیا روڈ اور گلستانِ جوہر کے رہائشیوں کو اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے۔