مفاہمت یا مزاحمت، فیصلہ جلد ہو جائے گا، شیخ رشید
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بڑھتے معاشی بحران اور ریکارڈ مہنگائی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے آئندہ حکمت عملی سے متعلق اشارہ دیا ہے کہ مفاہمت یا مزاحمت، فیصلہ جلد ہو جائے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’سپریم کورٹ ان شا اللہ حکمرانوں کے 150 کرپشن ریفرنسز بحال کر دے گی، نیب ترامیم کالعدم ہو جائیں گی اور ایک کروڑ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل جائے گا‘۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) نے کابینہ کے بڑے حجم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 70 وزارتوں کی تعداد آئین کے منافی ہے اور اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا عزم کیا۔
انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کے 21 وزرا بغیر قلمدان کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے، اقتصادی بحران انتہائی سنگین ہوگیا ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، شیخ رشید
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا، مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پٹرول مافیا 3 دن سے حکومت کو قیمت کم نہیں کرنے دے رہا۔
انہوں نے کہا کہ ’مفاہمت یا مزاحمت، فیصلہ جلد ہو جائے گا، موجودہ وزرا معاشی صورتحال کی خرابی کی وجہ سے اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے، بلاول بھٹو پاکستان میں بطور مہمان اداکار آتے ہیں، دفتر نہیں جاتے۔