• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صائمہ نور کی مداح بن کر مذاق میں ندیم سے گلے ملنے کی ویڈیو وائرل

شائع September 17, 2022
اداکارہ نے ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اداکارہ صائمہ نور کی جانب سے سینیئر اور مقبول اداکار ندیم بیگ سے مداح بن کر مذاق میں گلے ملنے اور تصاویر کھچوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مذکورہ ویڈیو کو ابتدائی طور پر صائمہ نور نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا، جسے بعد ازاں دیگر سوشل میڈیا پیجز نے بھی شیئر کیا، جہاں لوگوں نے دونوں اداکاروں سے اظہار محبت کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں صائمہ نور نے برقع پہن رکھا ہے اور وہ سینیئر اداکار ندیم کو دیکھ کر ان کے پاس جاکر ان سے تصاویر کھچوانے کی فرمائش کرتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صائمہ نور نے اپنا چہرہ مکمل طور پر ڈھانپ رکھا ہے جب کہ وہ ندیم بیگ کو بار بار اِدھر سے اُدھر چلنے اور مختلف انداز میں تصاویر و ویڈیوز بنانے کی فرمائش کرتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہےکہ صائمہ نور مذاق مذاق میں انجان مداح بن کر ندیم بیگ کو نہ صرف گلے لگانے کی کوشش کرتی ہیں، بلکہ ان کے چہرے اور ہاتھوں کو بھی چھوتی رہتی ہیں اور سینیئر اداکار ان کے ہاتھوں کو ہٹانے سمیت ان سے دوری اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ویڈیو کے آخر میں صائمہ نور سینیئر اداکار کو رومانوی انداز میں ایک ساتھ تصویر کھچوانے کی فرمائش کرتی ہیں، جس پر وہ انکار کرکے وہاں سے چلے جانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس دوران فلم ساز سید نور آجاتے ہیں اور ندیم بیگ کو مسکرا کر کر بتاتے ہیں کہ خاتون کو دیکھیں تو سہی وہ کون ہیں؟

ویڈیو میں صائمہ نور کی جانب سے پشتو انداز میں ندیم سے اردو میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سید نور کی جانب سے بتائے جانے کے بعد صائمہ نور اپنے چہرے سے نقاب ہٹا دیتی ہیں، جس پر ندیم بیگ سمیت وہاں موجود تمام افراد ہنس پڑتے ہیں۔

صائمہ نور کی جانب سے نقاب ہٹائے جانے کے بعد ندیم بیگ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ وہ سمجھ گئے تھے کہ ان کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، تاہم صائمہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ سینیئر اداکار کچھ سمجھ نہیں پائے تھے۔

دونوں کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ان کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے لیے اظہار محبت بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024