جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ کے مقدمے پر فلم تیار
معروف ہولی وڈ اداکار جونی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کے درمیان امریکی عدالتوں میں چلنے والے گھریلو تشدد اور ایک دوسرے کی عزت خراب کرنے کے مقدمے پر فلم بنا دی گئی۔
شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق دونوں اداکاروں کے درمیان چلنے والے ٹرائل پر فاکس نیٹ ورک کی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ٹیوبی اسٹریمنگ سروس‘ کی جانب سے فلم بنائی گئی ہے۔
’ہاٹ ٹیک‘ میں جونی ڈیپ کا کردار مارک ہپکا جب کہ امبر ہرڈ کا کردار میگن ڈیوس ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
فلم کی کہانی گے نکولوشی نے لکھی ہے اور اس کی ہدایات سرا لوہمن نے دی ہیں اور اسے رواں ماہ ستمبر کے اختتام پر اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ٹیوبی‘ پر ریلیز کیا جائے گا، جہاں شائقین اسے مفت میں دیکھ سکیں گے۔
’ہاٹ ٹیک‘ کی کہانی امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان چلنے والے ٹرائل کے کرد گھومتی ہے، اس میں عدالتوں کی سماعتیں دکھانے کے علاوہ مذکورہ ٹرائل کے دوران اداکاروں کے ساتھ ہونے والے واقعات کو بھی دکھایا جائے گا۔
ممکنہ طور پر فلم میں پس منظر کے طور پر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے، شادی ہونے اور پھر تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد طلاق اور پھر ایک دوسرے پر تضحیک اور تشدد کے الزامات کو بھی دکھایا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: امبر ہرڈ کی نظرثانی کی درخواست مسترد
فلم میں امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے وکلا کے کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر فلم میں امبر ہرڈ کے مبینہ بوائے فرینڈز کو بھی شامل کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
’ہاٹ ٹیک‘ کو دونوں کے ٹرائل کے ختم ہونے کے محض تین ماہ بعد ہی ریلیز کیا جا رہا ہے، امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے ٹرائل کا فیصلہ یکم جون کو سنایا گیا تھا۔
عدالت نے طویل سماعت کے بعد جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ ہوئے کہا تھا کہ اداکار نے اپنے خلاف تمام شواہد پیش کیے اور ثابت کیا کہ امبر ہرڈ نے ان کی توہین اور بدنامی کی۔
عدالت نے ہتک عزت کے دعوے کے تحت امبر ہرڈ پر ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا، تاہم جونی ڈیپ پر بھی 15 سے 20 لاکھ تک جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
مذکورہ کیس میں جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ کے خلاف 5 کروڑ جب کہ امبر ہرڈ نے بھی سابق شوہر کے خلاف 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا تھا۔
مذکورہ فیصلے کے خلاف امبر ہرڈ نے نظرثانی کی درخواست بھی دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔