• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am

بینکوں نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ڈالر بیرون ملک بھیجنا شروع کردیے

شائع September 17, 2022
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینکوں کی جانب سے ڈالر کی خریداری نے اوپن مارکیٹ سے ڈالر کھینچ لیا ہے—فائل فوٹو : اے ایف پی
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینکوں کی جانب سے ڈالر کی خریداری نے اوپن مارکیٹ سے ڈالر کھینچ لیا ہے—فائل فوٹو : اے ایف پی

ڈالر کی قدر میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور حکومت ڈالر کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے جبکہ دوسری جانب بینکوں نے امریکی کرنسی کی خریداری کو دگنا کر دیا اور اسے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بیرون ملک بھیج رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 236.84 روپے پر بند ہوئی جو اس سے ایک روز قبل 235.88 روپے کے مقابلے میں 96 پیسے زیادہ ہے۔

ڈالر کی شرح مبادلہ پر مضبوط گرفت ہے، کم ہوتے زرمبادلہ کے ذخائر اور زیادہ درآمدات کے درمیان تناؤ ہر روز بڑھتا جا رہا ہے۔

اوپن مارکیٹ نے گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 241 روپے بتائی جو جمعرات کو تقریباً اس کے برابر تھی، کرنسی ڈیلرز نے کہا کہ ڈالر اور دیگر کرنسیوں کا ملنا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ طلب بہت زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر مزید مہنگا، انٹربینک میں روپے کی قدر میں 2 روپے 10پیسے کی کمی

کرنسی مارکیٹ کے ماہرین نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور حکومت کا اوپن مارکیٹ سے ڈالر کی خریداری پر سخت کنٹرول ہے لیکن بینکوں نے اس کا راستہ کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ڈھونڈ لیا ہے۔

چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک بوستان نے کہا کہ 'ہر ہفتے بینکوں کی اوسط خرید تقریباً 20 سے 40 لاکھ ڈالر تھی جو اب اوسطاً ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے'۔

اوپن مارکیٹ سے ایک عام آدمی کے لیے 500 ڈالر سے زیادہ خریدنا انتہائی مشکل ہے لیکن اس کا بھی ایک باقاعدہ راستہ ڈھونڈ نکال لیا گیا ہے، بیرون ملک جانے والے مسافر ملک سے فی بندہ 10 ہزار ڈالر تک لے سکتے ہیں اور اب کریڈٹ کارڈز کی بہت زیادہ مانگ بڑھ گئی ہے۔

کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینکوں کی جانب سے ڈالر کی خریداری نے اوپن مارکیٹ سے ڈالر کو کھینچ لیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی، انٹر بینک میں ڈالر 236.84 روپے کا ہوگیا

ملک بوستان نے کہا کہ 'ہم نے حکومت سے کہا کہ وہ مسافروں کے لیے ڈالر خریدنے کی حد آدھی کرکے 5 ہزار ڈالر کر دے، اس کے علاوہ کریڈٹ کارڈز پر ماہانہ 2 ہزار ڈالر خرچ کرنے کی حد ہونی چاہیے'۔

کرنسی ڈیلرز نے کہا کہ حکومت عالمی قرض دہندگان سے قرض لے کر اور اخراجات محدود کر کے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن کریڈٹ کارڈز کے ذریعے بینکوں سے نکلنے والی رقم ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

اسٹیٹ بینک کا اصرار ہے کہ کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے تاہم درآمد کنندگان نے کہا کہ خام مال کے لیے ایل سی (لیٹرز آف کریڈٹ) کھولنا آسان نہیں ہے۔

ایک درآمد کنندہ نے کہا کہ یہ اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ اسٹیٹ بینک درآمدی بل کو کم سے کم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

کرنسی ڈیلر کا دعویٰ ہے کہ بینک گرے مارکیٹ سے بھی بہت زیادہ نرخوں پر ڈالر خرید رہے ہیں، تاہم کریڈٹ کارڈز کے ذریعے اخراج نے شرح مبادلہ کو درپیش خطرے میں اضافہ کیا ہے جس سے پاکستان میں امریکی ڈالر مزید تگڑا ہورہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024