• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

فلسطین: مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی، فلسطینی نوجوان جاں بحق

شائع September 15, 2022
اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک نوعمر فلسطینی شہری ہلاک —فوٹو:رائٹرز
اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک نوعمر فلسطینی شہری ہلاک —فوٹو:رائٹرز

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے میں کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو قتل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیلی قابض فوج نے جینن کے علاقے میں کارروائی کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 17 سالہ فلسطینی نوجوان عدے صلاح کے سر میں گولی لگی اور وہ جاں بحق ہوگئے۔

مزید پڑھیں: فلسطین: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید ایک فلسطینی ہلاک

اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ وہ میجر بار فلاح کو ہلاک کرنے والے دہشت گردوں کے گھروں کے نقشے بنا رہے تھے، جنہیں گزشتہ روز جینن میں ہونے والی جھڑپوں میں ایک چوکی پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا تاہم، کشیدگی میں دو فلسطینی احمد عابد اور عبدالرحمٰن عابد بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ گھروں کے نقشے بنانے کا مقصد میجر کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کے گھر منہدم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میجر بار فلاح اسرائیلیوں پر حملوں کے الزام میں فلسطینی جنگجوؤں کے گھروں کو منہدم کرنے کی اسرائیل کے متنازع عمل کا حصہ تھے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گھروں کے نقشے تیار کرتے وقت مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد پھینکا اور ان پر فائرنگ شروع کردی اور پھر فوج نے بھی مسلح افراد پر جوابی فائرنگ کردی۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے احمد اور عبد الرحمٰن کے گھروں پر چھاپے مارے اور احمد عابد کے چچا زاد بھائی امیر طحہٰ عابد کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی بہن بھائی قتل

اسرائیلی فوج نے کہا کہ میجر بار فلاح کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کو پناہ دینے والے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مغربی کنارے سے مزید 6 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل حماس نے گزشتہ رات لڑنے والے جنین کے ہیروز کو سلام پیش کیا اور فلسطینیوں کی تعریف کی جو مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض فوج کے روزانہ چھاپوں کا مقابلہ کرتے ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس کی سیکولر تحریک فتح کے مسلح ونگ الاقصیٰ شہدا بریگیڈ نے کہا ہے کہ گزشتہ رات کی جھڑپوں میں ان کے جنگجو ملوث تھے جبکہ اسی تنظیم نے اسرائیلی میجر کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

فلسطین کے علاقے جینن کو حالیہ مہینوں میں مسلسل تشدد اور جھڑپوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جو مارچ کے وسط میں شروع ہونے والی بدترین جھڑپوں کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں: مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک اور فلسطینی قتل

اسرائیل کی فورسز کی جانب سے مغربی کنارے کے شہروں اور دیہاتوں پر رات کے قریب چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہری اور جنگجو جاں بحق ہوچکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کے سربراہ ایویو کوہاوی نے کہا تھا کہ فوجی کارروائیوں میں تقریباً 1500 مطلوب افراد کو گرفتار کرکے سیکڑوں حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے پر 1967 سے قبضہ کر رکھا ہے، جب اس نے اردن سے ان علاقوں کا قبضہ حاصل کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024