• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

فیس بک کا پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے 12 کروڑ روپے امداد کا اعلان

شائع September 14, 2022
سیلاب سے سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوئے ہیں—فوٹو: باجارا سندھ، رائٹرز
سیلاب سے سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوئے ہیں—فوٹو: باجارا سندھ، رائٹرز

سوشل میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ یعنی فیس بک کی مالک کمپنی نے پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ساڑھے 12 کروڑ روپے کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

فیس بک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کمپنی پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اعلان کردہ رقم کو عالمی ادارے یونیسیف، فلاحی تنظیم ہینڈز اور پاکستان کے ادارہ تعلیم و آگہی (آئی ٹی اے) کو فراہم کرے گا۔

بیان میں بتایا گیا کہ میٹا کی جانب سے اعلان کردہ تمام رقم کو سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بچوں کو اسکول واپس بھیجنے کے علاوہ ہنگامی امداد فراہم کرنے، خوراک و پانی کی فراہم سمیت نکاس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس عطیہ سے قبل فیس بک پر صارفین کے لیے سیلاب سے حفاظت کا سیفٹی چیک بھی فعال کیا گیا تھا، جس میں لوگوں کو یہ موقع فراہم کیا گیا کہ وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو آگاہ کریں کہ وہ سیلاب سے محفوظ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل اور ایپل کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کا اعلان

اسی طرح فیس بک کی جانب سے پاکستان میں ایک خصوصی کرائسس پیج قائم کیا گیا، جہاں لوگ کمیونٹی ہیلپ کے فیچر کو استعمال کرسکیں گے، اس فیچر کی بدولت مختلف لوگوں سے امداد مانگی جاسکتی ہے جبکہ امداد کی پیش کش کرنے کی سہولت بھی میسر ہے۔

پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کے اعلان پر کمپنی کے ڈائریکٹر فار ایمرجنگ مارکیٹس اے پی اے سی جارڈی فورنیز نے کہا کہ پاکستان کو اب تک کے انتہائی تباہ کن قدرتی آفت کا سامنا ہے، جس سے کروڑوں لوگ متاثر ہیں اور پوری دنیا اس مشکل گھڑی میں متاثرین کو تعاون پیش کرنے کے لیے متحد ہے جب کہ میٹا بھی متاثرین کی بحالی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

میٹا کی جانب سے امداد کے اعلان کے بعد یونیسیف امریکا نے کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میںگزشتہ ہفتوں کے دوران تباہ کن مون سون بارشوں سے لوگوں کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، بے شمار گھر تباہ ہوگئے ہیں اور ان کی بحالی کے لیے بہت بڑے فنڈز کی ضرورت ہے۔

فنڈنگ کے حوالے سے پاکستان کے ادارہ تعلیم و آگہی کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) بیلہ رضا جمیل نے بھی میٹا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ فنڈنگ سے اسکولوں کو بحال کریں گے، ساتھ ہی وہ لائف اسکلز (نفسیاتی و سماجی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، اور ڈیجیٹل لٹریسی) کے ساتھ دوسری بار پڑھائی کے مواقع حاصل کرنے سے متعلق پروگرامز کو یقینی بنائیں گے جب کہ صحت و حفاظت کی خصوصی کٹس فراہم کی جائیں گی۔

میٹا کی جانب سے خطیر فنڈنگ فراہم کرنے پر ہینڈز نے بھی کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔

فیس بک کی مالک کمپنی نے سے قبل ایپل اور گوگل سمیت دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امداد کا اعلان کر چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024