• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

فلسطین مخالف کردار کو فلم کا حصہ بنانے پر مارول اسٹوڈیو پر تنقید

شائع September 14, 2022
صابرا کا کردار اسرائیلی اداکار شرا ہاس ادا کریں گی—پرومو فوٹو: انسٹاگرام
صابرا کا کردار اسرائیلی اداکار شرا ہاس ادا کریں گی—پرومو فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں پہلی مسلم و پاکستانی سپر ہیرو ویب سیریز ’مس مارول‘ بنانے والے اسٹوڈیو ’مارول‘ کو فلسطین مخالف سپر ہیرو لڑکی کو آنے والی فلم کا حصہ بنانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اسرائیلی ویب سائٹ ’ہارتز‘ کے مطابق مارول اسٹوڈیو نے حال ہی میں تصدیق کی تھی کہ آنے والی سپر ہیرو فلم ’کیپٹن امریکا: نیو ورلڈ آرڈر‘ میں فلسطین مخالف سپر ہیرو لڑکی کے کردار کو بھی شامل کیا جائے گا۔

فلم اسٹوڈیو کے مطابق 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کیپٹن امریکا: نیو ورلڈ آرڈر‘ میں فلسطین مخالف اسرائیلی ایجنسی موساد کی ایجنٹ کا کردار ادا کرنے والی سپر ہیرو لڑکی ’صابرا‘ کو بھی شامل کیا جائے گا۔

’صابرا‘ فلم میں موساد کی ایجنٹ بنیں گی جو کہ فلم میں ہُلک نامی کردار کے ننھے 6 سالہ دوست کی موت کے بعد تحقیق کرکے ثابت کریں گی کہ بچہ اسرائیلی بمباری نہیں بلکہ فلسطینی انتہاپسندوں کی بمباری میں مارا گیا۔

فلم کی کہانی کے مطابق ہُلک اپنے ننھے دوست سے ملنے تل ابیب پہنچتے ہیں مگر وہاں ان کا دوست ایک بمباری میں مارا جاتا ہے، جس کا ابتدائی الزام اسرائیل پر لگتا ہے، تاہم صابرا نامی کردار تحقیق کرکے ثابت کرتا ہے کہ بچہ فلسطینی انتہاپسندوں کی بمباری سے مارا گیا۔

فلسطین مخالف اور اسرائیلی حمایتی کردار کو سپر ہیرو فلم کا حصہ بنائے جانے پر مارول اسٹوڈیو کو دنیا بھر کے شائقین نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور فلم اسٹوڈیو کے فیصلے کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔

’ہارتز‘ کے مطابق ابتدائی طور پر مارول اسٹوڈیو پر فلسطینی افراد نے تنقید شروع کی، جس کے بعد دنیا بھر کے عرب شائقین اور بعد ازاں دیگر خطوں کے لوگوں نے بھی مارول اسٹوڈیو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسی حوالے سے ’عرب نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ ’صابرا‘ کا لفظ اسرائیل میں بھی عام استعمال کیا جاتا ہے، تاہم یہ نام فلسطین میں موجود ایک بستی کا بھی نام ہے، جہاں 1982 میں اسرائیلی فوج کی حمایت یافتہ ایک دہشت گرد تنظیم نے نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ قابض اسرائیلی فوج کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم نے 1982 میں فلسطین میں موجود صابرا اور شاتیلا بستیوں میں قتل عام کے ذریعے درجنوں افراد کو قتل کیا۔

اس متعلق بتایا جاتاہے کہ صابرا اور شاتیلا قتل عام میں 400 سے 3500 تک معصوم فلسطینیوں کو قتل کیا گیا تھا۔

مارول اسٹوڈیو کی جانب سے متنازع نام اور فلسطین مخالف ہیروئن کو فلم کا حصہ بنانے پر لوگوں نے اسٹوڈیو پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صابرا کے کردار کو ’کیپٹن امریکا: نیو ورلڈ آرڈر‘ کا حصہ نہ بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ فلم میں ’صابرا‘ نامی فلسطین مخالف سپر ہیرو لڑکی کا کردار اسرائیلی اداکار شرا ہاس ادا کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024