میری شادی پاکستانی گلوکار علی ظفر سے نہیں ہو رہی، ریچا چڈا
بولی وڈ اداکارہ نے ایک بھارتی صحافی کی جانب سے اپنی شادی سے متعلق کی گئی غلط ٹوئٹ پر وضاحت کی ہے کہ علی ظفر پاکستانی اداکار و گلوکار ہیں جو پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔
بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق ٹائمز آف انڈیا کی ہندی ویب سائٹ سے وابستہ صحافی پرشانت جین نے ٹوئٹ کی کہ ریچا چڈا آئندہ ماہ اکتوبر میں علی ظفر سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔
صحافی نے دعویٰ کیا کہ علی ظفر اور ریچا چڈا کی شادی 7 اکتوبر کو ہوگی۔
اگرچہ صحافی نے ٹوئٹ میں پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر کو مینشن کیا، تاہم انہوں نے انہیں پاکستانی نہیں لکھا۔
بھارتی صحافی کی ٹوئٹ پر اگرچہ متعدد افراد نے کمنٹس کیے، تاہم بعد ازاں اداکارہ ریچا چڈا نے بھی ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ علی ظفر سے شادی نہیں کرنے جا رہیں۔
ریچا چڈا نے صحافی کی ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ علی ظفر پاکستانی گلوکار و اداکار ہیں اور یہ کہ وہ پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔
اداکارہ کی ٹوئٹ کے بعد صحافی کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا اور انہوں نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی، تاہم انہوں نے بعد ازاں اپڈیٹ ٹوئٹ میں بتایا کہ ریچا چڈا آئندہ ماہ اکتوبر میں ساتھی اداکار علی فضل کے ساتھ شادی کرنے جا رہی ہیں۔
ریچا چڈا کی جانب سے علی ظفر سے شادی سے متعلق وضاحت کی ٹوئٹ پر پاکستانی گلوکار نے بھی کمنٹ کیا اور وضاحت پیش کرنے پر بولی وڈ اداکارہ کا شکریہ ادا کیا۔
علی ظفر نے ریچا چڈا کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی وضاحت کا شکریہ اور ان کی ٹوئٹ پر بھی مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔