• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

پی ٹی آئی نے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کےخلاف درخواست سپریم کورٹ سے واپس لے لی

شائع September 13, 2022

پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے حوالے سے درخواست واپس لے لی۔

کچھ دیر قبل ہی پی ٹی آئی نے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

واضح رہے کہ 6 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے سابق قائم مقام اسپیکر قاسم خان سوری کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانون سازوں کے استعفوں کی منظوری کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا، تحریک انصاف کی جانب سے اپیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کے لیے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اپنے استعفے دے چکے ہیں۔

پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر تحریک انصاف کے 125 ارکان کے استعفے منظور کرنے کا اعلان کیا، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

پی ٹی آئی نے درخواست میں عدالت عظمیٰ سے اسپیکر راجا پرویز اشرف کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو غیر قانونی، غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

تاہم کچھ دیر بعد ہی پی ٹی آئی نے استعفوں کی منظوری کے خلاف اپیل سپریم کورٹ سے واپس لے لی، پی ٹی آئی نے دائر درخواست ایڈووکیٹ آن ریکارڈ آفس سے واپس لی، درخواست نہ مکمل ہونے پر واپس لی گئی۔

کیس کا پس منظر

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف پارلیمنٹ میں مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد 11 اپریل کو پی ٹی آئی کے تمام قانون سازوں نے اجتماعی طور پر استعفے پیش کردیے تھے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر اور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے قائم مقام اسپیکر قاسم خان سوری نے 15 اپریل کو پی ٹی آئی کے 123 قانون سازوں کے استعفے منظور کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی کے اجتماعی استعفوں کی تصدیق کا فیصلہ

بعد ازاں قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 123 اراکین اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا عمل آئندہ چند روز میں انفرادی طور پر یا چھوٹے گروپس میں بلا کر شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے جمع کرائے گئے اکثر استعفے ہاتھ سے نہیں لکھے ہوئے تھے اور پی ٹی آئی کے لیٹر ہیڈ پر بھی ایک جیسا متن چھپا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹریٹ کے عملے کو بھی کچھ ارکان کے دستخط پر شک تھا کیونکہ یہ اسمبلی کے رول پر موجود دستخط سے میل نہیں کھا رہے تھے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے کم از کم 25 ایم این ایز نے راجا پرویز اشرف کو الگ سے خط لکھ کر ملاقات کی درخواست کی تھی تاکہ وہ وضاحت کر سکیں کہ کن حالات میں انہیں استعفیٰ دینا پڑا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور پروسیجر رولز 2007 کے مطابق کوئی رکن اپنے ہاتھ سے لکھ کر استعفیٰ اسپیکر کو پیش کرسکتا ہے۔

27 جولائی کو اسپیکر کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں این اے-22 مردان 3 سے علی محمد خان، این اے-24 چارسدہ 2 سے فضل محمد خان، این اے-31 پشاور 5 سے شوکت علی، این اے-45 کرم ون سے فخر زمان خان شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کے دیگر اراکین میں این اے-108 فیصل آباد 8 سے فرخ حبیب، این اے-118 ننکانہ صاحب 2 سے اعجاز احمد شاہ، این اے-237 ملیر 2 سے جمیل احمد خان، این اے-239 کورنگی کراچی ون سے محمد اکرم چیمہ، این اے-246 کراچی جنوبی ون سے عبدالشکور شاد بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 123 اراکین کے استعفے منظور کرلیے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری

اسپیکر نے خواتین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا سے مخصوص نشستوں پر منتخب شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کے استعفے بھی منظور کیے تھے۔

قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت تفویص اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے استعفے منظور کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024