• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

عمران خان پر توہین مذہب کا الزام لگانے پر پی ٹی آئی کا مریم نواز کےخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

شائع September 13, 2022
مریم نواز نے کہا کہ یہ شخص مذہب کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کر رہا ہے —رائٹرز، پی ٹی آئی ٹوئٹر
مریم نواز نے کہا کہ یہ شخص مذہب کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کر رہا ہے —رائٹرز، پی ٹی آئی ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف ان کی جانب سے شروع کی گئی 'متنازع' سوشل میڈیا مہم پر، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر توہین مذہب کا الزام لگا کر ان کی جان کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے قانونی کارروائی کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مریم نواز نے عمران خان کے 2 مبینہ بیانات اور ان کے درمیان موازنہ کرنے کے لیے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قرآن مجید کی آیات شیئر کی تھیں۔

انہوں نے یہ بھی ٹوئٹ بھی کیا تھا کہ یہ شخص (عمران خان) مذہب کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کر رہا ہے اور اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے مذہب کارڈ استعمال کیا جارہا ہے، فواد چوہدری

مریم نواز نے لکھا تھا کہ اپنے ایمان اور ملک کو اس شیطان سے محفوظ رکھیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق مریم نواز کی ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر پر عمران خان کے خلاف توہین مذہب کا الزام لگانے والا ٹرینڈ چلا، اس ٹرینڈ میں پی ٹی آئی چیئرمین کو نشانہ بناتے ہوئے 65 ہزار سے زائد ٹوئٹس کی گئیں۔

ٹوئٹر پر ایسی ٹوئٹس بھی تھیں جن میں مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور انہیں مذہب کو سیاست میں نہ گھسیٹنے کا مشورہ دیا گیا تھا، جب کہ ایسے الزامات کے نتیجے میں کسی کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کل تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے، فواد چوہدری

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اس معاملے کو ایسے نہیں جانے دیں گے، توہین مذہب کا الزام لگا کر پی ٹی آئی چیئرمین کی جان کو خطرے میں ڈالنے پر مریم نواز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اتحادی حکومت شاید واحد حکومت ہے جو سیاسی مخالفین کے خلاف توہین مذہب کے قوانین کا بے شرمی کے ساتھ کھلم کھلا استعمال کر رہی ہے۔

سابق وزیر وفاقی وزیر نے کہا کہ مذہب کارڈ کا استعمال سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کی بہت شرمناک کوشش ہے، مریم نواز اور فضل الرحمٰن عمران خان کے وجود کو ختم کرنے کے لیے یہ جال بُن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسے ٹرینڈز کے پیچھے مریم نواز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کر کے معیشت تباہ کی، مریم نواز

دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال نے برطرف وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو لائسنس دیا گیا ہے کہ ان کے ذہن میں جو بھی آئے وہ بول دیں۔

احسن اقبال نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ یہ شخص مذہبی معاملات پر بات کرتے ہوئے بھی کوئی پرواہ نہیں کرتا اور اکثر مذہبی شعائر کی بے توقیری کرتا ہے جیسا کہ وہ اپنے سیاسی مخالفین کے معاملے میں کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خود پسندی، خود غرضی اور جہالت نے عمران کے دماغ کو ماؤف اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم کردیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان خود پسندی کے مرض میں مبتلا شخص ہیں اور ایسا شخص (ملک کے لیے) خطرناک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024