ترک اداکار جلال آل سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کراچی پہنچ گئے
سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مدد کے لیے حکومت اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب معروف شخصیات نے بھی پاکستان آنے کا سلسلہ شروع کردیا۔
اقوام متحدہ (یو این) کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے بعد اب ترک اداکار جلال آل بھی سیلاب متاثرین کی مدد اور ان کے لیے کیے جانے والے فلاحی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
شہرہ آفاق ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے جلال آل نے 12 ستمبر کو انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ گاڑی میں بیٹھ کر بارش کا مزہ بھی لیتے دکھائی دیے۔
کراچی میں 12 ستمبر کو موسلا دھار بارش بھی ہوئی اور اسی دوران بنائی گئی ویڈیو کو ترک اداکار نے شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔
انہوں نےترک زبان میں بات کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ذکر کرنے کے علاوہ ان کی مدد سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا۔
جلال آل نےترک زبان میں لکھی گئی پوسٹ میں بتایا کہ ترکی کی حکومت بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کی مدد کر رہی ہے جب کہ وہ بھی متاثرین کے لیے ہی یہاں آئے ہیں۔
انہوں نے مداحوں کو گزارش کی کہ وہ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں اور اپنے موبائل سے 2868 پر خالی میسیج کرکے ہلال احمر کی مدد کریں۔
ان کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں انہوں نے اپنے ساتھیوں کو بھی دکھایا۔
جلال آل کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان آمد پر مداحوں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں حقیقی ہیرو بھی قرار دیا۔
جلال آل سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بیرون ملک سے پاکستان پہنچنے والی پہلی شوبز شخصیت ہیں، تاہم ان کے بعد مزید ترک اور دیگر عالمی اداکاروں کے بھی پاکستانی دورے کے امکانات ہیں۔
اس وقت دنیا بھر کی فلاحی تنظیمیں اور معروف شخصیات دنیا سے اپیل کرنے میں مصروف ہیں کہ وہ سیلاب سے متاثر ہونے والے ساڑھے تین کروڑ پاکستانی افراد کی مدد کریں۔