• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ہم کب پسند ناپسند اور دوستی نبھانے کے کلچر سے باہر نکلیں گے، شعیب ملک کا سوال

شائع September 12, 2022 اپ ڈیٹ September 13, 2022
شعیب ملک نے ناکامی پر قومی ٹیم پر طنز کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
شعیب ملک نے ناکامی پر قومی ٹیم پر طنز کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک نے سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی شکست پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجانے ہم کب پسند، ناپسند اور دوستی کے کلچر سے باہر نکلیں گے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ایشین چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ایک موقع پر سری لنکن ٹیم صرف 58 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو چکی تھی لیکن بھنوکا راجاپکسے اور ونندو ہسارنگا کی عمدہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ناقص فیلڈنگ و ڈراپ کیچ کے سبب سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 170 رنز کا مجموعی اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور سری لنکا نے میچ میں 23 رنز سے کامیابی سمیٹ کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

میچ میں جہاں قومی کی ناقص کارکردگی پر برہم شائقین نے کرکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا وہیں موجودہ و سابق کھلاڑیوں نے ٹیم کو غلطیوں سے سیکھنے کا مشورہ دیا جبکہ کچھ کرکٹرز نے ٹیم کے حوالے سے طنزیہ کلمات بھی کہے۔

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ نے سری لنکا کو فتح کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیم کو غلطیوں سے سیکھنے کا مشورہ بھی دیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی بیٹنگ کو روند کر سری لنکا ایشیا کپ کا چمپیئن بن گیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ میں اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے اور تھنک ٹینک کو ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم کی تشکیل کے لیے فوری فیصلے کرنے چاہئیں۔

ادھر قومی ٹیم میں سلیکٹرز کی نظر کرم سے محروم مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک نے کہا کہ نجانے ہم پسند ناپسند اور دوستی نبھانے کے کلچر سے کب باہر نکلیں گے، اللہ ہمیشہ سچے لوگوں کی مدد کرتا ہے۔

شعیب ملک کی اس ٹوئٹ پر سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ استاد جی، اتنے سچے نہ بنیں۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے دوران پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ مسلسل ناکامی سے دوچار ہوتی رہی جس کی وجہ سے ٹیم سلیکشن اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے سوالات کھڑے ہوتے رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ کچھ حلقوں کی جانب سے شعیب ملک کو ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ میں اس شکست کی ذمے داری قبول کرتا ہوں کیونکہ میں نے ٹیم کو مایوس کیا لیکن پوری ٹیم نے بہت محنت کی۔

آل راؤنڈر نے ایشیا کپ جیتنے پر سری لنکا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کچھ بہت مثبت چیزیں بھی ہوئیں اور نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد نواز سمیت ہمارا پورا باؤلنگ اٹیک شاندار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024