• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm

آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

شائع September 11, 2022
آسٹریلیا نے مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کو سیریز میں شکست دے دی — فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا نے مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کو سیریز میں شکست دے دی — فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں باآسانی 25 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک روزہ سیریز کے لیے آسٹریلیا کے دورے پر تھی اور سیریز کا آخری میچ آج کینز میں کھیلا گیا جہاں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

میزبان آسٹریلیا نے تجربہ کار بلے باز اسٹیو اسمتھ کی 105 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت ایک مشکل وکٹ پر کامیابی سمیٹی۔

کپتان ایرون فنچ سمیت دونوں اوپنرز 14 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

اسمتھ اور لیبوشانے کی دوسری وکٹ پر طویل شراکت میں اسکور 134 رنز تک پہنچا اور اس دوران دونوں بلےبازوں نے اپنی نصف سنچریاں بنائیں۔

لیبوشانے 52 رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد الیکس کیرے نے 42 رنز بنا کر اسمتھ کا ساتھ دیا۔

اسمتھ نے 131 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 105 رنز بنائے اور 203 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، الیکس کیری 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 267 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: میتھیو ہیڈن ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے پھر پاکستان کے بیٹنگ مینٹور مقرر

نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کے آخری میچ میں ہدف کے تعاقب میں اوپنرز کے 49 کی شراکت کے باوجود نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 242 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

گلین فلپس نے سب سے زیادہ 47 اور جیمز نیشام نے 36 رنز بنا کر ٹیم کو کسی حد تک جیت کی امید دلائی لیکن آسٹریلوی باؤلرز نے ان کو ناکام بنادیا۔

مچل سینٹنر کے 30 رنز بھی نیوزی لینڈ کو 25 رنز کی شکست سے نہ بچا سکے۔

آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 3، کیمرون گرین اور سین ایبٹ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اسٹیو اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے 6 ستمبر کو کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس میں نیوزی لینڈ نے 233 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن میزبان ٹیم مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد 8 وکٹوں پر ہدف عبور کرپائی تھی۔

سیریز کا دوسرا میچ 8 ستمبر کو کینز میں ہی کھیلا گیا تھا، جس میں دونوں ٹیموں کے بلے باز بڑا اسکور کرنے میں مکمل ناکام ہوئے تھے۔

دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے 6 وکٹوں پر 195 رنز بنائے تھے جبکہ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 82 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ 113 رنز سے ہار گئی تھی۔

آسٹریلیا نے سیریز کے تینوں میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔

اسٹیو اسمتھ کو مجموعی طور پر 167 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025