لاہور ہائی کورٹ: لگژری گاڑی چوری کیس میں ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا
لاہور ہائی کورٹ نے لندن سے چوری ہونے والی لگژری گاڑی کی غیر قانونی رجسٹریشن میں ملوث شخص کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کرنے کے لیے پاکستان کسٹمز کراچی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان کسٹمز نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ ملزم نوید یامین کی ضمانت منسوخ کی جائے تاکہ قانون اپنا راستہ اختیار کر سکے، پاکستان کسٹمز نے بتایا کہ ملزم نے ضمانت قبل از گرفتاری حیدرآباد کی سیشن عدالت سے حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لندن سے چوری، سندھ میں رجسٹرڈ، لگژری کار ڈی ایچ اے کراچی کے گھر سے برآمد
جسٹس سیید شہباز علی رضوی نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
گزشتہ ہفتے کسٹم حکام نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر لندن سے چوری ’بینٹلے ملسن‘ نامی گاڑی برآمد کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ گاڑی لندن سے چوری کی گئی تھی اور بعد میں اسے کراچی اسمگل کیا گیا تھا، جہاں یہ غیر قانونی طور پر سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ہے۔
کسٹم ڈپارٹمنٹ نے ایف آئی آر درج کر کے گاڑی کے 'مالک' جمیل شفیع اور نوید بلوانی سمیت مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، ابتدائی تفتیش کے دوران نوید بلاوانی نے کسٹم حکام کو بتایا کہ انہوں نے خریدار جمیل شفیع اور کاغذات اور رقم کی ادائیگی کے ضامن نوید یامین کی گاڑی کی خریداری میں مدد کی تھی۔