• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نسیم شاہ کے افغانستان کے خلاف یاد گار چھکے، بلا سیلاب زدگان کیلئے نیلام کرنے کا فیصلہ

شائع September 9, 2022
افغانستان کے خلاف آخری اوور میں نسیم شاہ کے 2 بلند و بالا چھکوں کی بدولت پاکستان نے میچ جیت لیا تھا — فوٹو: اسکرین گریب
افغانستان کے خلاف آخری اوور میں نسیم شاہ کے 2 بلند و بالا چھکوں کی بدولت پاکستان نے میچ جیت لیا تھا — فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی نسیم شاہ نے ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ میں افغانستان کے خلاف شان دار کارکردگی دکھا کر شائقین کے دل جیت لیے اور اب وہ ثابت کر رہے ہیں کہ ان کا دل اس کارکردگی سے بھی کہیں زیادہ بڑا ہے اور انہوں نے دو چھکے لگانے والا بلا نیلام کرکے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کے لیے عطیہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف آخری اوور میں نسیم شاہ کے 2 بلند و بالا چھکوں کی بدولت پاکستان نے میچ جیت لیا تھا اور ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلا دی

میچ کے بعد نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے میچ کے دوران ساتھی کھلاڑی محمد حسنین سے بیٹ تبدیل کیا تھا کیونکہ میرا بلا ٹھیک نہیں لگ رہا تھا اور پھر اسی سے چھکے لگے‘۔

پی سی بی کی جانب نسیم شاہ اور محمد حسنین کی ویڈیو جاری کی گئی، مختصر ویڈیو کلپ میں محمد حسنین کا کہنا تھا کہ ’نسیم شاہ نے کل شان دار اننگز کھیلی اور شارجہ میں تاریخ دہرائی جب جاوید میانداد نے بھارت کے خلاف چھکا لگا کر میچ جتوایا تھا‘۔

محمد حسنین کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے جس بلے سے دو چھکے لگائے وہ بلا میرا تھا اس لیے اپنا بلا نسیم شاہ کو تحفے میں دیتا ہوں، اب اس بلے کا وہ جو کرنا چاہیں کر سکتے ہیں‘۔

نسیم شاہ نے محمد حسنین سے بلا لے کر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بلا نیلام کرنا چاہتا ہوں، جس کی آدھی رقم سیلاب متاثرین کے فنڈ میں دوں گا۔

پاکستان کے معروف گلوکار عزیر جسوال نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔

کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے افغانستان کےخلاف جیت کے بعد دونوں کھلاڑیوں کی کلپ شئیر کی جس میں دکھایا گیا کہ کس طرح کھیل کے دوران دونوں کھلاڑی بلے تبدیل کر رہے ہیں۔

محمد حسنین کا کہنا تھا کہ ’جب نسیم شاہ بیٹنگ کےلیے کریز پر جارہے تھے تو مجھے میرے بلے سے کھیلنے کو کہا تھا، اور میں نے نسیم شاہ سے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی رن نہ بنایا تو بلا واپس کرنا ہوگا لیکن نسیم شاہ نے مسلسل 2 چھکے لگائے اور ٹیم کو فتح دلائی‘۔

نسیم شاہ ایک بہترین باؤلر ہیں لیکن میچ کے دوران انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ یقینی طور پر ایک آل راؤنڈر بھی ہیں، انہیں کپتان بابر اعظم اور ٹیم کے دیگر تمام ساتھیوں نے سراہا جبکہ شاداب خان کا کہنا تھا جاوید میانداد، شاہد آفریدی اور یونس خان کے چھکوں کے بعد اب نسیم شاہ کے 2 چھکے سب کو یاد رہیں گے۔

مزید پڑھیں: ‘ناقابل یقین، شارجہ میں پاکستان میچ وننگ چھکا نہ مارے'

واضح رہے کہ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کیا تھا۔

پاکستان کو 6 گیندوں میں 11 رنز درکار تھے تاہم نسیم شاہ نے افغان باؤلر فضل حق فاروقی کو مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024