• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیر اعظم اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش، لاپتا افراد کا معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی

شائع September 9, 2022
دوران سماعت وزیر اعظم نے کہا کہ لاپتا افراد کمیٹی کے ہر اجلاس کی نگرانی کروں گا — فوٹو: ڈان نیوز
دوران سماعت وزیر اعظم نے کہا کہ لاپتا افراد کمیٹی کے ہر اجلاس کی نگرانی کروں گا — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج لاپتا افراد کیس کی سماعت کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پیش ہوکر معاملے کے حل کی یقین دہانی کرا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے آج مدثر نارو اور دیگر لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

وزیر اعظم کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف آنے والے تمام راستے بند کردیے گئے جبکہ کمرہ عدالت میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم کا سیکیورٹی اسٹاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود رہا۔

سماعت کے آغاز سے قبل عدالتی عملے نے بتایا کہ چیف جسٹس کی عدالت میں آج صرف لاپتا افراد کیس کی سماعت ہوگی اور دیگر کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کیس: آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز کو جواب جمع کرانے کا حکم

کیس کی سماعت کے لیے لاپتا افراد کے لواحقین عدالت پہنچے، لاپتا صحافی مدثر نارو کا کم سن بیٹا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھا جہاں شہباز شریف نے ان سے ملاقات کی، دریں اثنا آمنہ مسعود جنجوعہ بھی عدالت پہنچیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو وزیر اعظم شہباز شریف، اٹارنی جنرل اور وزیر قانون روسٹرم پر آگئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیر اعظم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک کے منتخب نمائندے اور چیف ایگزیکٹو ہیں، اس عدالت نے آپ کو اس لیے تکلیف دی ہے کہ یہ بہت بڑا ایشو ہے، ریاست کا وہ رسپانس نہیں آرہا جو آنا چاہیے تھا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ایک چیف ایگزیکٹو نے اس ملک میں 9 سال حکمرانی کی ہے، انہوں نے اپنی کتاب میں فخریہ لکھا کہ اپنے لوگوں کو بیرون ملک فروخت کیا، یہ عدالت تفتیشی ایجنسی نہیں ہے، بہت دفعہ عدالت نے یہ معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیجا، کابینہ نے کوئی ایسا رسپانس نہیں دیا جو آنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے ایک کمیٹی بنائی، یہ آئینی عدالت ہے، یہ معاملہ صرف کمیٹی کا نہیں، لاپتا افراد کے لیے کمیشن بنا، لاپتا افراد کی فیملی بیٹھی ہیں انہوں نے کمیشن کے متعلق بہت سی باتیں بتائیں، ریاست کی جو ذمہ داریاں ہیں وہ پوری ہونی چاہئیں، لوگ بازیاب ہوئے لیکن کبھی کوئی ایکشن نہیں ہوا، یہ عدالت آئین کو دیکھے گی، اس سے بڑا ایشو کوئی بھی نہیں۔

’ایسا تاثر نہیں ہونا چاہیے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کو اٹھائیں‘

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ اس عدالت میں بلوچ طلبہ کے تحفظات سامنے آرہے ہیں، ایسا تاثر نہیں ہونا چاہیے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کو اٹھائیں، یہ تاثر ہماری قومی سلامتی کو متاثر کرتا ہے، سیاسی قیادت نے اس مسئلے کو حل کرنا ہے، لوگوں کو لاپتا کرنا ٹارچر کی سب سے بڑی قسم ہے، عدالت کے پاس کوئی اور راستہ نہیں کہ صرف ایگزیکٹو سے پوچھے، آپ سیلاب متاثرین کے لیے کام کر رہے ہیں اور اس ایشو کو سمجھتے ہوئے عدالت آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیاں آئین سے انحراف ہیں، اس ملک کی قومی سلامتی آپ وزیر اعظم ہیں آپ کے ہاتھ میں ہے، اس عدالت کا آپ پر اعتماد ہے، آپ اس کا حل بتا دیں، ایک چھوٹا بچہ ادھر آتا ہے اس کو یہ عدالت کیا جواب دے، اس وقت کے وزیر اعظم سے بھی بچے کی ملاقات ہوئی، یہ عدالت جبری گمشدگیوں کا ذمہ دار کس کو ٹھہرائے۔

اس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ یہ سب میری ڈیوٹی ہے۔

مزید پڑھیں: لاپتا افراد کیس: پرویز مشرف، جانشین حکمرانوں کو نوٹس

چیف جسٹس نے وزیر اعظم سے مکالمہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکمرانی کے بہت مسائل ہیں اور وہ تب ہی ختم ہوں گے جب آئین بحال ہوگا، زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے ادارے وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں۔

شہباز شریف نے جواب دیا کہ مجھے جب آپ کا حکم ملا تو میں عدالت کے سامنے پیش ہوگیا، آپ نے بہت اہم آبزرویشنز دی ہیں، میں کوئی عذر پیش نہیں کروں گا، بچے نے کہا وزیر اعظم میرے ابو کو مجھ سے ملا دیں، یہ جملہ میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے، میں یقین دلاتا ہوں میں پوری کوشش کروں گا، میں اس ملک کی عدالتوں کو جوابدہ ہوں، مجھے جاکر اپنے رب کو بھی جواب دینا ہے، میں یہاں الزام تراشی والی گیم کھیلنے نہیں آیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم نے ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دی ہے اور اس کے 6 اجلاس ہو چکے ہیں، میں اپنے عوام کو بھی جوابدہ ہوں، ناقابل تردید ثبوت عدالت کے سامنے رکھوں گا، حقائق خود بولتے ہیں، میں بہت سادہ آدمی ہوں اللہ مجھے معاف کرے، لاپتا افراد کمیٹی 6 اجلاس کرچکی، لاپتا افراد کمیٹی کے ہر اجلاس کی نگرانی کروں گا اور عدالت میں رپورٹ پیش کروں گا، رپورٹ کوئی کہانی نہیں ہوگی، بلکہ حقائق پر مبنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: لاپتا افراد کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں شور شرابا

انہوں نے مزید کہا کہ 4 سالوں میں 2 مرتبہ جیل گیا، میرے اہلخانہ نے بھی اذیت دیکھی، میں نے بطور وزیر اعلی پنجاب اپنا خون پسینہ بہایا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کا وقت بہت قیمتی ہے، ہم آپ کا زیادہ وقت نہیں لینا چاہتے۔

یہ نہیں کہتا سارے لاپتا افراد بازیاب ہوں گے لیکن کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت دی کہ ’آپ آئین کا آرٹیکل 7 پڑھیں‘، اٹارنی جنرل نے آئین کا آرٹیکل 7 پڑھ کر سنایا، جس کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ اب بتائیں لاپتا افراد کا ذمہ دار کون ہے، اسلام آباد سے دو بھائی غائب ہوئے آج تک ان کا پتا نہیں چلا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ لاپتا افراد کیسز میں آپ کو ہمارا رویہ نظر آئے گا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ کمیٹیاں بنتی رہیں، یقین دہانی کرائی جاتی رہی لیکن کوئی کام نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کیس میں کے پی پولیس چیف عدالت میں طلب

وزیر اعظم نے کہا کہ میں یہ تو نہیں کہتا سارے لاپتا افراد بازیاب ہوں گے لیکن کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، ڈکٹیٹر کی پالیسیوں کا میں اور میرا بھائی بھی نشانہ بنا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سابق سربراہ نے تسلیم کیا کہ شہریوں کو لاپتا کرنا ریاستی پالیسی تھی، آئین کے مطابق کوئی بھی شہری لاپتا ہو تو ریاست ذمہ دار ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے جواب دیا کہ اس چیف ایگزیکٹو کے دور میں ہمیں ملک بدری میں رہنا پڑا، یہ ملک اس شخص کی وجہ سے بہت متاثر ہوا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کو لاپتا کرنا آئین توڑنے کے مترادف ہے، آپ کو اس لیے بلایا کہ ریاست سمجھ سکے کتنا بڑا ایشو ہے۔

مزید پڑھیں: جبری گمشدگی سے متعلق بل پر آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کا کہا گیا، شیریں مزاری

شہباز شریف نے کہا کہ جب میں وزیر اعلیٰ پنجاب تھا تو ہر زبان والے طلبہ کو پنجاب میں داخلے دیے، بلوچ، پشتون، سندھی پنجابی سب طلبہ کو دانش اسکولز میں مفت داخلے دلوائے، بلوچ، پشتون، سندھی اور پنجابی سارے پاکستانی ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت پارلیمنٹ کا بہت احترام کرتی ہے، تمام صوبوں کے چیف ایگزیکٹو بھی ذمہ دار ہیں اگر ان کے علاقے سے کوئی اٹھایا جاتا ہے، اس عدالت کے فیصلے سے پہلے ایگزیکٹو نے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی لاپتا افراد نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے کمیشن کے متعلق بہت کچھ بتایا، کمیشن لاپتا افراد کے لواحقین پر مرہم رکھنے کے بجائے ان کو اذیت دیتے رہے، جنہوں نے آئین کی خلاف ورزی کی ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، معاملات کو پارلیمنٹ میں لے کر جائیں ان پر قانون سازی کریں، بھارت نے یہی کیا، دیگر ممالک نے یہی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کیس: آئی جی ایف سی کو توہین عدالت کا نوٹس

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لاپتا کرنا ناقابل برداشت ہے، عدالت چیف ایگزیکٹو کو ذمہ دار ٹھہرائے گی، اس ملک میں کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں، یہ عدالت سول سپریمیسی کی آئین کی منشا کو یقینی بنائے گی۔

چیف جسٹس نے وزیر اعظم سے استفسار کیا کہ جبری گمشدگیوں پر سیکیورٹی کونسل کے ہر رکن کو عدالت ذمہ دار ٹھہرائے؟ لاپتا افراد کے پرانے کیسز پر لواحقین کو مطمئن کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، آئندہ کسی شخص کو لاپتا نہیں ہونا چاہیے، تلاش کرنا عدالت کا نہیں ریاست کا کام ہے، ریاست کے پاس ایجنسیز ہیں، دیگر ذرائع ہیں، جائیں اور تلاش کریں۔

آرمی کی عزت کرتے ہیں، چاہتے ہیں آنے والی نسلیں بھی عزت کریں، والدہ مدثر نارو

دوران سماعت وزیر قانون نے کہا کہ 21 سال پرانا کیس 10 دن میں حل کرنے کا کہنا تو درست بات نہیں ہوگی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سول بالادستی اور اداروں پر حکومت کا کنٹرول آئین کے مطابق ہونا چاہیے، وفاقی دارالحکومت سے ایک صحافی کو اٹھایا گیا جس کی ویڈیوز موجود ہیں، یہ عدالت کیسے مان لے کہ ریاست اتنی کمزور ہے کہ اس کی تحقیقات نہ کر سکے، ایس ای سی پی کے ایک افسر کو اٹھایا گیا اس نے واپس آکر کہا کہ شمالی علاقہ جات کی سیر کو گیا تھا۔

اس موقع پر مدثر نارو کی والدہ نے کہا کہ ہم فروری 2019 میں دھرنے پر بیٹھے تھے، رانا ثنااللہ صاحب ہمارے فیصل آباد کے ہیں ان کو کافی اپیلیں کی ہیں، ہم آرمی کی عزت کرتے ہیں، چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلیں بھی عزت ہی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ افراد کا کیس درج کرنے سے پولیس کا انکار

چیف جسٹس نے کہا کہ کسی شہری کو شک بھی نہیں ہونا چاہیے کہ ان کو کون اٹھاتا ہے، وزیر اعظم صاحب یہ قومی سلامتی کا ایشو ہے، ریاست کے اندر ریاست نہیں ہے نہ یہ عدالت مانتی ہے، آئین سپریم ہے اور اس پر عمل ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا پیغام واضح ہے۔

اس دوران وزیر قانون نے عدالت کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ یو این سیکریٹری جنرل کو وزیر اعظم سے ملنے ساڑھے 10 بجے آنا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ کا شکریہ کہ آپ آئے، جبری گمشدگیوں کو ختم کرنا آپ کی ذمہ داری ہے، جبری گمشدگیاں آئین سے انحراف ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو جانے کی اجازت دے دی۔

’قانون کی خلاف ورزی ہوتی رہی تو ہر حکمراں ذمہ دار ہے‘

سماعت کو آگے بڑھاتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر قانون کی خلاف ورزی ہوتی رہی تو ہر حکمراں ذمہ دار ہے، یہ عدالت آئین کو دیکھے گی اور اس کے بعد ایک فیصلہ دے گی۔

انہوں نے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ تیار ہیں تو آج دلائل دیں پھر عدالت ایک فیصلہ دے، ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے جس کی ذمہ داری ہوتی ہے وہ کہتا ہے میں کیا کر سکتا ہوں، یہ بہانہ بنایا جاتا ہے کہ میرے پاس تو اختیار ہی نہیں اختیار تو کسی اور کے پاس ہے، اگر آپ ذمہ داری نہیں لے سکتے تو پھر اپنا آفس چھوڑ دیں۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے جواب دیا کہ دلائل وہاں دیے جاتے ہیں جب اختلاف ہو، میں نے، وزیر قانون اور وزیر داخلہ نے اس معاملے پر بہت سنجیدگی سے مشاورت کی ہے، خدا کی قسم اگر پاکستان نہ ہو تو میں یہاں کھڑا نہ ہوں، میں نے اس عدالت سے جاکر اس عدالت کی بنائی کمیٹی کے ارکان کو فون کر کے بات کی، میں نے اسد عمر کو بھی کال کی، صرف چیئرمین سینیٹ سے رابطہ نہیں ہوا، ان سے ذاتی طور پر ملنے جاؤں گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کیس: حکومت کو پانچ دسمبر تک کی مہلت

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے وزیراعظم کی ذمہ داری لگائی ہے، ہم کام کریں گے، آپ ہمیں تھوڑا موقع دیں پھر آپ کو شکایت نہیں ہوگی، اگر ہم ذمہ داری پوری نہ کر سکے تو میں آ کر کہوں گا کہ میں ناکام ہوگیا۔

اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ متحدہ حکومت ہے اور حکومت کے اتحادیوں کا یہ اپنا مسئلہ ہے، اس حکومت نے اس لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تاکہ معاملے کی گہرائی تک پہنچ سکیں، پرامید ہوں کہ ہم کسی منطقی انجام تک پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 2 ماہ کا وقت چاہیے، یہ کام 2 دن میں نہیں ہو سکتا، اس عدالت کی نگرانی موجود رہے تو شاید ہم کسی حل کو پہنچ جائیں گے، جب یہ کیس چل رہا ہے تو ہمیں بھی احساس ہے کہ یہاں جواب دینا ہے۔

مزید پڑھیں: دو لاپتا افراد کی موت، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ عدالت ایک فیصلہ دینا چاہتی ہے، وہ ان مسائل کے حل میں فائدہ دے گا۔

وزیر قانون نے جواب دیا کہ یہ عدالت سول بالادستی کے بعد سب سے زیادہ تکریم پارلیمنٹ کو دیتی ہے، ورنہ جتنی بے توقیری پارلیمنٹ کی ہوئی کسی ادارے کی نہیں ہوئی، پارلیمنٹ کو تالے لگائے گئے، پارلیمنٹ کے اراکین نے بھی جو اس کے ساتھ کیا وہ سب کے سامنے ہیں، یہاں پر جگہ جگہ بارودی سرنگیں ہیں ان کو بھی مدنظر رکھنا ہے۔

مشرف کی پالیسی جاری رکھ کر کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجبور ہوں، چیف جسٹس

دوران سماعت فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارلیمان نے اپنا کام 2015 میں مکمل کر لیا تھا، پارلیمان کا خیال تھا کہ اس کے پیچھے انٹیلی جنس ایجنسیاں ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا انٹیلی جنس ایجنسیاں کس کے ماتحت ہیں؟ کوئی چیف ایگزیکٹو خود کو بے بس ہونے کا بہانہ نہیں بناسکتا، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس عدالت میں چیزیں خراب ہو رہی ہیں لیکن رجسٹرار ذمہ دار ہے، اگر آپ یہ جواز دے رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ یہاں ریاست کے اندر ریاست ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی جنرل پرویز مشرف کی پالیسی کو جاری رکھے تو یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں مجبور ہوں، اگر کوئی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر سکتا اور سمجھتا ہے کہ وہ مجبور ہے تو وہ اس کا ذمہ دار ہے، اگر چیف ایگزیکٹو کہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں میرے ماتحت نہیں تو وہ آئین سے انحراف تسلیم کرتا ہے، جو چیف ایگزیکٹو یہ تسلیم کر لے اس کو پھر عہدہ چھوڑ کر گھر جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ افراد کیس: ‘اسٹیبلشمنٹ نے ملک دولخت ہونے پر بھی سبق نہیں سیکھا’

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارلیمان نے 2015 میں قانون بنا کر ایگزیکٹو کو بھیج دیا تھا، ایگزیکٹو کا کام تھا اسے نافذ کرتا یا مکالمہ کرتا آ کر کہ کیوں نہیں ہو سکتا، چیف ایگزیکٹو پارلیمان کو ہی جوابدہ ہے، کیا آپ کہہ رہے ہیں کہ پارلیمان عملدرآمد نہیں کروا پائی؟ پارلیمان اتنی مضبوط ہے کہ وہ وزیر اعظم کو بھی ہٹا سکتی ہے، عدالت یہ بات کہہ کر پارلیمان کی بےتوقیری نہیں کرنے دے گی۔

وزیر قانون نے کہا کہ حقائق ذرا مختلف ہیں، جو کچھ ہم نے دیکھا اس کو درست کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں لگتا ہے کہ مزید قانون سازی کی بھی ضرورت ہے، 2 سے 8 ہفتے کا وقت دیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی ایسا فورم ان کو بتا دیں جو لاپتا افراد کے لواحقین کے لیے ہر وقت دستیاب ہو، یہ ایک دوسرے پر الزامات کا نہیں بلکہ خود احتسابی کا وقت ہے۔

مزید پڑھیں: لاپتہ افراد معاملہ: سپریم کورٹ میں تفصیلی رپورٹ طلب

دوران سماعت آمنہ مسعود جنجوعہ نے وزیر داخلہ سے چیئرمین لاپتا افراد کمیشن جاوید اقبال کو ہٹانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کمیشن میں کوئی جانے کو تیار نہیں، اس کا کچھ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لاپتا افراد کیسز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں واپس لے۔

وزیر قانون نے کہا کہ ہمارے بہت سارے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جس وقت کی آپ بات کر رہے ہیں اس وقت پنجاب تو پھر بہتر تھا لیکن خیبرپختونخوا میں روزانہ دھماکے ہوتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ افراد کے جرائم کی تفصیلات پیش کی جائیں: سپریم کورٹ

وزیر قانون نے جواب دیا کہ کرمنل جسٹس سسٹم میں لا ریفارمز لانے ہیں، ہمیں 8 سے 10 ہفتے دیں تاکہ ہم اس پر کام مکمل کرلیں۔

درخواست گزاروں کی اجازت پر عدالت نے وزیر قانون کو 2 ماہ کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔

کچھ ایسی حقیقتیں ہیں جو اوپن کورٹ میں بیان نہیں ہوسکتیں، رانا ثنااللہ

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ جہاں تک اس کیس کا معاملہ ہے اس سے زیادہ دکھی انسانیت کی خدمت کہیں نہیں ہوسکتی، آپ لوگوں کے عزیزوں اور پیاروں کو غائب کرکے لاپتا کردیں، چیف جسٹس نے جس طرح اس معاملے پر زور دیا اس سے لوگوں کو پہلے بھی ریلیف ملا ہے، حکومتی کوششوں سے بھی لوگوں کو ریلیف ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی حقیقتیں ہیں جو اوپن کورٹ میں بیان نہیں ہوسکتیں، مسئلے کے حل کے لیے مدد اس صورت ہوسکتی ہے اگر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اِن کیمرہ سماعت کریں۔

اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کہتے ہیں جیل جاکر اور خطرناک ہو جاؤں گا، رانا ثنااللہ نے جواب دیا کہ یہ صرف کرنے کی باتیں ہیں جب جیل گیا لگ سمجھ جائے گی، ویسے جیل جانے کا موسم گزر رہا ہے جولائی اگست میں بھیجنا چاہیے تھا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کا مسئلہ 15، 20 سال پرانا مسئلہ ہے، کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی 3 زاویوں سے اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے، میں کمیٹی کے کام میں مداخلت کروں تو زیادتی ہوگی، سنجیدہ معاملہ ہے اس سے متعلق آپ لوگوں سے بھی بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'لاپتہ افراد کمیشن، گمشدگیوں میں ملوث اداروں کو ذمہ دار ٹھہرانے میں ناکام'

خیال رہے کہ 4 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے مدثر نارو سمیت دیگر لاپتا افراد کے متعلق متفرق درخواستوں پر سماعت کے بعد ایک حکم نامے میں وزیر اعظم کو ہدایت کی تھی کہ وہ 9 ستمبر کو لاپتا افراد کی عدالت پیشی یقینی بنائیں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا تھا کہ لاپتا افراد کو پیش کرنے میں ناکامی کی صورت میں وزیراعظم خود عدالت میں پیش ہوں اور ریاست کی آئینی ذمہ داریوں میں ناکامی کی وضاحت دیں۔

وزیر اعظم کی پیشی کے موقع پر پولیس کی گاڑی کی صحافی کو ٹکر

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کے موقع پر ڈی جی آئی آپریشن سہیل چھٹہ کے ڈرائیور نے ہائی کورٹ گیٹ کے سامنے صحافی پر گاڑی چڑھا دی۔

ڈرائیور مبینہ طور پر ڈرائیونگ کے دوران مسلسل موبائل فون استعمال کر رہا تھا جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا، صحافی کو پاؤں زخمی ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سماعت سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم کی پیشی کے دوران پولیس کی صحافیوں سے بدتمیزی کا واقعہ بھی پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کے جرائم کی تفصیلات پیش کی جائیں: سپریم کورٹ

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے صحافیوں سے بدتمیزی اور ایک صحافی سے پولیس گاڑی کی ٹکر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو فوری تحقیقات کرکے کارروائی کی ہدایت کی۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر سے ملاقات بھی کی جس میں وزیر قانون اعظم تارڑ، آئی جی اسلام آباد اکبر خان اور صحافیوں کے نمائندے شریک ہوئے۔

ثاقب بشیر نے کہا کہ عدالتی ایس او پیز پر پر عمل بھی کر رہے ہیں پولیس پھر بھی تذلیل کرتی ہے، سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے غیر ضروری طور پر ذمہ داری نبھانے سے روکا جارہا ہے۔

وزیر داخلہ نے رپورٹرز ایسوسی ایشن کی شکایات سننے کے بعد آئی جی اسلام آباد کو صحافیوں کے تحفظات فوری دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھیں اور مل کر معاملات حل کریں، آج کے دو ایشوز کی بھی تحقیقات کرکے کارروائی کریں، آئندہ مستقل طور پر رپورٹرز کے نمائندوں کے ساتھ لائحہ عمل طے کر لیں اور کوآرڈینیشن بھی رکھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024