• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کیلئے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ پاکستان پہنچ گئے

شائع September 9, 2022
وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے  اسلام آباد ائیرپورٹ پر انتونیو گوتریس کا استقبال کیا—فوٹو : ٹوئٹر/اسپوکس پرسن فارن آفس
وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر انتونیو گوتریس کا استقبال کیا—فوٹو : ٹوئٹر/اسپوکس پرسن فارن آفس

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس اپنے 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثر ملک کی مدد کے لیے عالمی دنیا سے امداد کی اپیل کریں گے اور موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتونیو گوتریس گزشتہ شب اسلام آباد پہنچے، وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

پاکستان آمد کے موقع پر انہوں نے ایک ٹوئٹ میں اپنی آمد کا اعلان کیا اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی تباہی سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے عالمی برادری سے دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل بھی کی۔

سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی فلیش اپیل کے بعد پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنے دورے کا اعلان کیا تھا، وہ 11 ستمبر کو نیویارک واپس پہنچیں گے جہاں 13 ستمبر سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77 واں اجلاس شروع ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: نارا نہر میں شگاف کو بند کرنے کے لیے حکومتی کوششیں جاری

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بتایا کہ سیکریٹری جنرل اپنے 2 روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے اور نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کا دورہ کریں گے۔

انتونیو گوتریس قومی و علاقائی سطح پر سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستانی قیادت اور وزیر خارجہ سمیت سینئر عہدیداروں سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے سیکریٹری جنرل سندھ اور بلوچستان سمیت موسمیاتی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ بھی کریں گے، بے گھر ہونے والے خاندانوں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف عملے کے ساتھ بھی گفتگو کریں گے۔

مزید پڑھیں: قدرتی آفات سے نمٹنے میں چین کا تجربہ پاکستان کیلئے مددگار

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان، سیکریٹری جنرل کے اس دورے کو سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد ملک کو درپیش تعمیر نو اور بحالی کے بڑے چیلنج کے حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی کا ذریعہ سمجھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اسی تناظر میں سیکریٹری جنرل، موسمیاتی تبدیلی کے خوفناک اثرات کے ساتھ اس طرح کی بڑی قدرتی آفات کے تعلق کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کریں گے’ ۔

خیال رہے کہ پاکستان امیر ممالک پر زور دے رہا ہے کہ وہ پاکستان سمیت موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار دیگر غریب ممالک کی مدد کریں کیونکہ ان کی جانب سے بڑے پیمانے پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی وجہ سے گلوبل وارمنگ ہوئی ہے تاہم امیر ممالک بظاہر موسمیاتی نقصان کی قیمت ادا کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال مزید بگڑنے کا انتباہ

انتونیو گوتریس کے 2 روزہ دورے کے دوران پاکستانی رہنما اپنی ملاقاتوں میں سیکریٹری جنرل کی توجہ تعمیر نو اور بحالی کے مرحلے کے لیے درکار وسائل کی جانب مبذول کرائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کو موصول ہونے والی عالمی امداد کا ایک جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہا ’ حکومت کی زیر قیادت امدادی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے ہمارے دوست اور اتحادی ممالک کی ایک بڑی تعداد امداد کے لیے آگے آئی ہے’۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024