• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

قومی اسمبلی کے 10 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی

شائع September 8, 2022
—فائل/فوٹو: ٹوئٹر
—فائل/فوٹو: ٹوئٹر

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے 10 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کردیے۔

ای سی پی سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر راجا سکندر سلطان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں قومی اسمبلی کی 10 اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:عمران خان کا تمام 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

دوران اجلاس شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ پاک فوج، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی ادارے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں اور سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی الیکشن کمشنرز نے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ الیکشن کمیشن نے مورخہ 23اگست 2022 کو وزارت داخلہ کو ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پاک فوج، رینجرز اور کنسٹیبلری کی خدمات طلب کی تھیں تاکہ انتخاب کے پرامن انعقاد کو یقیی بنایا جائے لیکن تاحال قومی ایمرجنسی کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد کے لیے متعلقہ اداروں کی تعیناتی کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو اطلاع دی گئی کہ پاک آرمی، رینجرز اور ایف سی ملک میں سیلاب زدگان کی امدادی کارروائیوں، اندرونی سیکورٹی اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی روک تھام میں مصروف ہیں۔

الیکشن کمیشن نے تمام حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ انتخابات کا پرامن انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، لہٰذا ضمنی انتخابات میں پاک فوج، رینجرز اور کانسٹیلبری کی امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے دستیابی ضروری ہے اس لیے ضمنی انتخابات ملتوی کیے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 157 ملتان، پنجاب اسمبلی کے حلقے 139 شیخوپورہ اور حلقہ 241 بہاولنگر میں ضمنی انتخابات 11 ستمبر کو شیڈول تھے۔

کراچی کے تین حلقوں سمیت قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہونے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:9 حلقوں میں ضمنی انتخابات فوری روکنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر 25 ستمبر کو ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول میں کہا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کی خالی 9 نشستوں پر براہ راست ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے قو می اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے پی ٹی آئی کے 11 اراکین کے استعفے منظور کرنے کے بعد جاری کیے گئے نوٹی فکیشن پر انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب میں خود حصہ لیں گے۔

یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفوں کا اعلان کیا تھا، تاہم اسپیکر کی جانب سے اراکین کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرتے ہوئے ان کی نشستیں خالی قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن کو بھیج دیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 11 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے-22 مردان 3، این اے-24 چارسدہ 2 ، این اے-31 پشاور 5 ، این اے-45 کرم ون، این اے-108 فیصل آباد 8، این اے-118 ننکانہ صاحب 2، این اے-237 ملیر 2، این اے-239 کورنگی کراچی ون، این اے-246 کراچی جنوبی ون میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کی خالی 9 نشستوں پر براہ راست ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024