• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شام نے حلب ایئرپورٹ پر اسرائیلی فضائی حملے کو ’جنگی جرائم‘ قرار دے دیا

شائع September 8, 2022
اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کے  مطابق جارحیت اور جنگی جرائم کے مترادف ہے—فوٹو: رائٹرز
اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کے مطابق جارحیت اور جنگی جرائم کے مترادف ہے—فوٹو: رائٹرز

اسرائیل کی جانب سے ایک ہی ہفتے میں دوسری بار حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شام کی وزارت خارجہ نے شہری آبادی پر اسرائیلی فضائی حملوں کو 'جنگی جرائم' کا مرتکب قرار دے دیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فضائی بمباری کی وجہ سے ایئرپورٹ کے رن وے اور سروسز کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی جانب سے شام میں میزائل ڈپو پر حملے کے بعد بڑی تباہی

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے میں شام کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور حال ہی میں اس میں حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانا بنایا گیا، ایسے حملے بین الاقوامی قوانین کے مطابق جارحیت اور جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل کو ان حملوں کا جواب دینا ہو گا۔‘

وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ’دشمن ملک اسرائیل نے بحیرہ روم سے حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر میزائل حملے کیے جس کی وجہ سے رن وے کو شدید نقصان پہنچا۔

شام کی خبر رساں ایجنسی ’سنا‘ نے اس سے قبل بتایا کہ شام کے دفاعی نظام نےکئی میزائلوں کو ناکام بنایا جبکہ مالی نقصانات کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، دوسری جانب شام کی نجی ایئرلائن ’چام ونگ‘ نے اعلان کیا کہ اسرائیل حملوں کی وجہ سے حلب جانے والی تمام پروازوں کو دارلحکومت دمشق کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: شام: حلب شہر کے ائیرپورٹ پر اسرائیل کے فضائی حملے

انسانی حقوق کی نگراں تنظیم کے مطابق ایران سے منسلک ملیشیا کے گوداموں پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بمباری کی وجہ سے حلب ایئرپورٹ کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، شام میں اندرونی ذرائع پر انحصار کرنے والی تنظیم کے مطابق 2 میزائل حملوں میں شام میں ہتھیاروں کے ڈپو کو نقصان پہنچا، حملے کی وجہ سے آگ لگی جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔

خبر رساں ایجنسی سنا نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے حلب کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا، جس سے 'کچھ مادی نقصان' ہوا۔

2011 سے اسرائیل نے اپنے شمالی پڑوسی ملک پر سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں، اگرچہ اسرائیل انفرادی حملوں پر شاذ و نادر ہی تبصرہ کرتا ہے، لیکن اس نے ان میں سے سینکڑوں حملوں کا اعتراف کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ہمیشہ اس طرح کی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس کا مقصد ایران کو جارحیت سے روکنا ہے۔

یاد رہے، خبر رساں ایجنسی سنا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے حلب ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے بھاری مالی نقصان ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی شام پر بدترین فضائی کارروائی، 57 افراد ہلاک

علاقائی سفارتی اور انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق اسرائیل کے ان حملوں میں ایرانی اور لبنانی حزب اللہ کے ساتھ ساتھ شامی حکومتی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024