• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان سے شکست پر افغان تماشائی آپے سے باہر، اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ، پاکستانی شائقین پر تشدد

شائع September 8, 2022
پاکستان سے شکست افغان تماشائیوں سے یہ شکست ہضم نہ ہوئی— فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان سے شکست افغان تماشائیوں سے یہ شکست ہضم نہ ہوئی— فوٹو: ڈان نیوز

ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور دو ٹیمیں جب میدان میں اترتی ہیں تو کسی ایک کی فتح اور دوسرے کی شکست کے ساتھ ہی میچ کا اختتام ہوتا ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ افغان کرکٹ شائقین اس بات سے انجان ہیں۔

پاکستان نے بدھ کو ایشیا کپ کے گروپ فور کے میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر سری لنکا کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلا دی

افغانستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو فتح کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا اور اتار چڑھاؤ سے بھرپور اس کانٹے دار مقابلے میں پاکستان کی ٹیم ایک مرحلے پر 118 رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

پاکستان کو آخری اوور میں فتح کے لیے 12 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی ہونے کے سبب میچ میں افغانستان کی فتح کے امکانات واضح نظر آتے تھے لیکن نسیم شاہ نے میچ کے آخری اوور میں لگاتار دو چھکے لگا کر پاکستان کو ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس فتح کا جہاں پاکستانی ٹیم اور شائقین نے دل کھول کر جشن منایا وہیں دوسری جانب افغان ٹیم کے کھلاڑی شدید مایوسی کا شکار ہو کر میدان میں ہی زمین پر بیٹھ گئے البتہ کھلاڑیوں کے برعکس افغان تماشائیوں سے یہ شکست ہضم نہ ہوئی۔

تناؤ سے بھرپور اس مقابلے میں صورتحال اس وقت گمبھیر ہو گئی جب افغان فاسٹ باؤلر فرید احمد نے آصف علی کو آؤٹ کرنے کے بعد نازیبا زبان استعمال کی جس پر پاکستانی بلے باز بھی اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکے اور ان کی سرزنش کی لیکن اس سے قبل کہ یہ معاملہ مزید پیچیدہ شکل اختیار کرتا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔

تاہم میچ میں شکست کے بعد افغان شائقین ہمیشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکے اور آپے سے باہر ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں افغان شائقین کو اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کرتے اور پاکستانی شائقین کو مارنے کے ساتھ ساتھ ان پر کرسیاں پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

نامور اینکر فخر عالم نے اسٹیڈیم میں افغان شائقین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ افغان شائقین کا یہ رویہ انتہائی شرمناک اور مایوس کن ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ کرکٹ وینیوز کو شائقین کے لیے محفوظ بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پرتشدد رویے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی اور مقامی حکام بھی اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کریں۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی افغان شائقین کے رویے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان شائقین کرکٹ ماضی میں بھی ایسا متعدد بار کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک کھیل ہے جسے اس کی روح کے مطابق کھیلا جانا چاہیے، اگر افغانستان کو کھیلوں میں ترقی کرنی ہے تو ان کے عوام اور شائقین دونوں کو چند چیزیں سیکھنا ہوں گی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ افغان شائقین نے پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد اس طرح کے پرتشدد رویے کا مظاہرہ کیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد بار وہ ایسا کر چکے ہیں۔

2019 کے ورلڈ کپ میچ میں اس سلسلے میں سب سے زیادہ پرتشدد واقعات منظر عام پر آئے تھے جب پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کی وکٹیں جلدی گرتی دیکھ کر افغان تماشائی طیش میں آ گئے تھے اور انہوں نے جشن منانے والے پاکستانی شائقین کرکٹ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ناقابل یقین، شارجہ میں پاکستان میچ وننگ چھکا نہ مارے’

افغانستان کی گرتی وکٹوں پر پاکستانی شائقین جشن منا رہے تھے کہ ان پر بپھرے ہوئے افغان شائقین نے حملہ کردیا تھا، اس موقع پر برطانوی پولیس نے فوری طور پر مداخلت کر کے ہنگامہ آرائی کرنے پر دو افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

مذکورہ میچ میں شکست کے بعد اسٹیڈیم کے باہر بھی پاکستانی شائقین کو افغان تماشائیوں کے پرتشدد رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس کے بعد 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد افغان شائقین نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024