• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ الیکشن کمیشن میں طلب

شائع September 7, 2022
ای سی پی افسر نے پی ڈی اے سربراہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدھ پیش ہوں—فائل/فوٹو: اے پی پی
ای سی پی افسر نے پی ڈی اے سربراہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدھ پیش ہوں—فائل/فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو آج بروز بدھ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر زیر گردش ان ویڈیوز سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کریں جن میں سابق وزیراعظم عمران خان کے دارالحکومت میں جلسہ عام کے لیے بجلی کے کھمبوں پر حکمران پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے لگانے اور دیگر انتظامات کے لیے شہری ایجنسی کی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی ضلعی مانیٹرنگ افسر برائے پشاور کے حلقہ این اے 31 شہاب الدین نے پی ڈی اے کے سربراہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدھ کی صبح 11 بجے اس مقصد کے لیے ان کے سامنے پیش ہوں۔

نوٹس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ڈی جی کی احکامات کی تعمیل میں ناکامی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کا باعث بن سکتی ہے اور یہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے ای سی پی، اسلام آباد کو بھیجا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم کو ایک اور نوٹس

ایک روز قبل، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ پی ڈی اے کے ایک ٹرک میں نصب ہائیڈرولک کرین کو پی ٹی آئی کے جھنڈوں کو کھمبوں پر لگانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

نوٹس میں ڈی ایم او نے کہا کہ یہ معاملہ میڈیا اور مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹس کے ذریعے ان کے علم میں آیا ہے کہ پی ڈی اے کی جانب سے بھاری مشینری سمیت ریاستی وسائل کا بڑے پیمانے پر جھنڈوں کو لگانے اور پی ٹی آئی امیدوار عمران خان کے جلسہ عام کے لیے ضروری انتظامات کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں ضمنی انتخابات کے لیے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں جب کہ حلقے میں پولنگ 25 ستمبر کو ہونی ہے۔

دوسری جانب، پی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے اس معاملے پر 2 فائرمین اور ایک باغبان کو معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا۔

گزشتہ روز آفس آرڈر جاری کیا گیا تھا جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ فائر مین عبدالقیوم اور کچکول خان اور مالی اویس علی شاہ کو ای سی پی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق وائرل ویڈیوز پر معطل کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا 7 وفاقی وزرا سمیت 91 اراکین اسمبلی کو نوٹس

ڈی جی نے پی ڈی اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر (نیو پشاور ویلی) عادل ایوب کو ان اہلکاروں کے خلاف مبینہ بدانتظامی میں ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات کے لیے انکوائری افسر مقرر کیا۔

انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ جاری کرنے، عملے کے 3 ارکان کے خلاف عائد کردہ الزامات جاری کرنے اور انہیں سماعت کا موقع فراہم کرنے کے بعد، انکوائری افسر کو 15 روز کے اندر اپنی فائنڈنگ اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب، ضلعی الیکشن کمشنر برائے حلقہ این اے 22 مردان فلک ناز نے کاٹلنگ تحصیل کونسل کے چیئرمین حمد اللہ کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کارکنوں سے خطاب کرنے پر نوٹس جاری کیا۔ .

انہوں نے کونسل چیئرمین سے کہا ہے کہ وہ 8 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں یا کسی وکیل کے ذریعے ان کے سامنے پیش ہوں اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024