• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پاکستان میں یوٹیوب سروس متاثر

شائع September 6, 2022
—فوٹو:رائٹرز
—فوٹو:رائٹرز

پاکستان کے مختلف علاقوں میں یوٹیوب کی سروس معطل ہوگئی جبکہ اس موقع پر پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔

انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کام کرنے والے ادارے نیٹ بلاکس نے تصدیق کی کہ ملک کے مختلف علاقوں سے یوٹیوب سروس میں خلل کی رپورٹس مل رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے راولپنڈی جلسے میں تقریر کے دوران مبینہ طور پر یوٹیوب سروس متاثر

نیٹ بلاکس کی تصدیق کے علاوہ سوشل میڈیا میں کئی صارفین نے بھی یوٹیوب سروس میں خلل کی شکایت کی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے اس حوالے سے حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ اس پابندی سے پی ٹی آئی یا عمران خان کو نہیں روک پائیں گے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ‘فاشسٹ امپورٹڈ حکومت اور ان کے ہینڈلرز کی جانب سے یوٹیوب ایک مرتبہ پھر بلاک کردیا گیا، حقیقی معنوں میں بیمار ذہنیت ہے’۔

انہوں نے حکومت کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘عمران خان کی تقریر کسی بھی صورت سنائی جائے گی اور آپ لوگ خوفزدہ سیاسی بونے ہو، کبھی نہیں سوچا تھا کہ ریاست اپنے لوگوں کے خلاف سائبر جنگ کرے گی’۔

پی ٹی آئی کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے کہا کہ ‘پاکستانی حکومت نے ایک مرتبہ پھر یوٹیوب بلاک کردیا صرف اس لیے کہ پشاور جلسے میں پاکستان کے مقبول ترین سیاسی لیڈر عمران خان کی تقریر دیکھنے سے روکا جائے’۔

ڈیجیٹل حقوق کے لیے کام کرنے والے اسامہ خلجی نے کہا کہ ‘بہت ہوگیا’، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ہر دفعہ جب عمران خان ریلی سے خطاب کر رہے ہوں تو پورے پاکستان میں یوٹیوب بلاک نہیں کرسکتی۔

ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ غیرآئینی سینسرشپ ہے جس کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے، آئین کا مذاق اڑانا اور ملک سے ویڈیو گیم کی طرح سلوک کرنا بند کریں۔

اسامہ خلجی نے مزید کہا کہ ‘پاکستان میں ڈیجیٹل مارشل لا کو خوش آمدید کہیں، جہاں یوٹیوب اس وقت بلاک ہوتا ہے جب ایک آدمی بات کرتا ہے اور لائیو اسٹریم کے ذریعے خطاب کرتا ہے، جن کو اسٹیبلشمنٹ پسند نہیں کرتی’۔

یاد رہے کہ اسی طرح کے واقعات 21 اگست کی رات بھی پیش آئے تھے جب عمران خان راولپنڈی کے لیاقت باغ میں تقریر کر رہے تھے اور یوٹیوب کی ٹیم کی جانب سے صارفین کو جواب دیتےہوئے تسلیم کیا گیا تھا پاکستان بھر میں اس طرح کی شکایات موصول ہو رہی ہیں اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024