• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

لے پالک بیٹی کے قانونی کاغذات نہ بنائے جانے پر نادیہ جمیل ‘نادرا’ سے خفا

شائع September 6, 2022
اداکارہ نے نادرا کے رویے پر افسوس کا اظہار بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے نادرا کے رویے پر افسوس کا اظہار بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ نادیہ جمیل نے ‘نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی’ (نادرا) کی جانب سے لے پالک بیٹی کے قانونی کاغذات بنانے میں تاخیر کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں کاغذات کے لیے درخواست دیے ہوئے کافی وقت ہوگیا۔

نادیہ جمیل نے انسٹاگرام پر گود لی ہوئی بیٹی نوری کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے نادرا کو بھی پوسٹ میں مینشن کیا اور ادارے سے درخواست کی کہ ان کی بیٹی کے قانونی کاغذات جلد سے جلد تیار کیے جائیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کے گارڈین شپ کے کاغذات کے لیے مطلوبہ دستاویزات اور درخواست جمع کروا رکھی ہے، تاہم نادرا نے تاحال ان کی بیٹی کا ایک کاغذ بھی تیار نہیں کیا۔

نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ نادرا سے انہیں بیٹی کا ‘ب’ فارم اور دیگر قانونی دستاویزات درکار ہیں جو یہ ثابت کر سکیں کہ وہ نوری کی کفیل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ جمیل کا لے پالک بیٹا اب کیا کررہا ہے؟

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو میڈیکل چیک اپ کی ضرورت ہے اور وہ آئندہ ماہ اکتوبر میں انہیں برطانیہ میں آںکھوں کے ڈاکٹر سے چیک کروائیں گی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ کسی بھی ماں کو بچے سے جدا نہیں کیا جانا چاہیے، انہیں اپنی بیٹی کو دیکھے ہوئے ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا۔

نادیہ جمیل نے بتایا کہ وہ خود اپنے دیگر چار بچوں کے ہمراہ برطانیہ میں موجود ہیں جب کہ ان کی بیٹی ان کی والدہ کے پاس پاکستان میں ہیں اور وہ انہیں طبی معائنے کے لیے برطانیہ لے جانا چاہتی ہیں مگر نادرا نے تاحال ان کے قانونی کاغذات تیار نہیں کیے۔

اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے ہر اس شخص سے قانونی دستاویزات بنوانے میں مدد کی اپیل کی، جنہیں وہ جانتی تھیں یا پھر ان افراد کے تعلقات نادرا میں تھے لیکن اس باوجود ان کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔

نادیہ جمیل نے امید کا اظہار کیا کہ نادرا ان کے معاملے کو جلد حل کرے گا اور انہیں بیٹی کے قانونی دستاویزات جلد فراہم کرے گا۔

خیال رہے کہ نادیہ جمیل کی اپنی کوئی اولاد نہیں، انہوں نے نوری سے قبل بھی پانچ بچوں کو گود لے رکھا ہے، جن کی وہ پرورش کرتی ہیں۔

دو دن قبل ہی انہوں نے اپنے تمام بچوں کےہمراہ کھچوائی گئی تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے بڑے بیٹے صابر کی عمر 17 برس ہوچکی ہے اور اس نے حال ہی میں میٹرک پاس کیا ہے، انہوں نے انہیں 4 برس کی عمر میں گود لیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے دوسرے بیٹے علی راشد بھی بڑے بن چکے ہیں اور وہ اداکار بننے کا شوق رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق ان کے تیسرے بیٹے آزاد کی عمر سات سال ہے جب کہ ان کے چوتھے بیٹے طلحٰی انعام بھی سمجھدار بن چکے ہیں، جنہوں نے انہیں اس وقت گود لیا تھا جب ان کی والدہ کے بعد ان کے والد بھی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے پانچویں بیٹے علی شاکر بھی سمجھدار بن چکے ہیں اور وہ بھی اپنی تعلیم مکمل کرکے اپنا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024