• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ڈی جی خان میں امدادی سامان لوٹنے پر ہجوم کےخلاف مقدمہ درج

شائع September 6, 2022
ہجوم نے کالج کی دیواریں توڑ کر گودام سے راشن لوٹ لیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز
ہجوم نے کالج کی دیواریں توڑ کر گودام سے راشن لوٹ لیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز

تونسہ شریف کے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں قائم سرکاری گودام سے مبینہ طور پر امدادی سامان لے جانے والے نامعلوم ہجوم کے خلاف تونسہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایک اور واقعے میں حاجی پور (راجن پور) میں فلاحی کارکن کو مارنے اور امدادی سامان چھیننے کے الزام میں پولیس نے 14 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

3 ستمبر کو تونسہ شریف میں بارش سے متاثرہ قبائلی علاقے تحصیل کے رہائشی سیکڑوں مرد و خواتین نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے گھر کے سامنے احتجاج کیا، مظاہرین نے ریلیف اور بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب زدہ علاقوں تک امداد پہنچانے میں فلاحی تنظیموں کو مشکلات درپیش

پولیس نے طاقت کے استعمال سے خواتین سمیت مظاہرین کو منتشر کیا اور مقامی پولیس افسر کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا، بعد ازاں اسی روز شام میں تونسہ شریف کے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں قائم گودام کو سیکڑوں افراد نے لوٹ لیا۔

پولیس کانسٹیبل کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سیکڑوں مرد و خواتین نے کالج کی دیواریں پھلانگ کر گودام سے راشن لوٹ لیا تھا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ہجوم نے 2 کمروں میں رکھا امدادی سامان لوٹ لیا جبکہ بقیہ 4 کمرے محفوظ رہے، پولیس کے پہنچنے پر ہجوم اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر منتشر ہوچکا تھا۔

تاہم پولیس نے سیکڑوں نامعلوم لٹیروں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 457، 527 اور 380 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

مزید پڑھیں: سندھ: ریلیف کیمپوں میں روزانہ 62 ہزار مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی جاری

راشن کے تھیلے اور دیگر امدادی سامان چوری کرنے کا ایک اور واقعہ حاجی پور (سیلاب سے متاثرہ راجن پور کی تحصیل جام پور) میں اُس وقت پیش آیا جب جب ایک فلاحی رضاکار نے ان لوگوں کو امدادی اشیا نہیں دیں جن کے پاس ٹوکن نہیں تھا، یا وہ کسی اور گاؤں سے تعلق رکھتے تھے اور امداد کے مستحق نہیں تھے۔

حاجی پور پولیس نے 10 نامزد ملزمان سمیت 14 افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 382، 506 ،148/149 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اس سے قبل ڈیرہ غازی خان کے روجھان، فاضل پور (راجن پور) اور قبائلی علاقے مبارکی میں چھیننے کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کیلئے 30لاکھ ڈالر امدادکا اعلان کردیا

اس ضمن میں ڈیرہ غازی خان کے کمشنر لیاقت علی چھٹہ نے ڈان کو بتایا کہ متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لیے امدادی سامان کی گاڑیوں اور عملے کو سیکیورٹی فراہم کریں۔

علاوہ ازیں ریجنل پولیس افسر (آر پی او) چوہدری محمد سلیم نے ڈان کو بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں امدادی سامان چھیننے کے 27 مقدمات درج کیے گئے اور 87 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024