• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ایشیا کپ 2022: سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت آج پھر مدِمقابل

شائع September 4, 2022
شاہنواد دھانی انجری کا شکار ہونے کے سبب آج سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے — فائل فوٹو: رائٹرز
شاہنواد دھانی انجری کا شکار ہونے کے سبب آج سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے — فائل فوٹو: رائٹرز

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ 2022 کے گروپ مرحلے کی میچز مکمل ہونے کے بعد روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوں گے۔

گروپ مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز کی ریکارڈ شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی اور کرکٹ کے شائقین کو ایک مرتبہ پھر ایک سنسنی خیز مقابلے کے لیے تیار کردیا۔

سپر فور مرحلے کا پہلا میچ گروپ ’بی‘ سے آنے والے ٹیموں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان گزشتہ روز کھیلا گیا جس میں سری لنکا نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا، جو سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ بھی ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: پاک-بھارت دلچسپ مقابلہ، پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست

دونوں حریف ٹیمیں گزشتہ اتوار کو بھی آمنے سامنے آئی تھیں جہاں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز کا ایک چھوٹا ہدف دیا تھا، تاہم فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں میچ دلچسپ بنادیا تھا۔

نسیم شاہ نے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو بھی پریشان کیے رکھا اور سلپ پوزیشن پر انہیں ایک کیچ کا موقع بھی ملا تاہم فخر زمان گیند کو اپنی گرفت میں لینے میں ناکام رہے، بھارت نے گروپ میچ میں پاکستان کو آخری اوور کی چوتھی گیند پر 148 رنز بنا کر 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

امید کی جارہی ہے کہ کرکٹ شائقین کو آج ایک مرتبہ پھر روایتی حریف ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

ہانگ کانگ کے خلاف ناقابل شکست 78 رنز بنانے والے محمد رضوان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ دباؤ سے بھرپور ہوتا ہے، پوری دنیا، حتیٰ کہ ایشیا سے باہر ممالک بھی اس میچ کا انتطار کرتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ دباؤ بھارت اور ہم پر برابر ہوگا لیکن نتیجہ اسی کے حق میں ہوگا جو بے خوف اور پرسکون رہے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے خلاف میچ سے قبل شاہنواز دھانی بھی انجری کا شکار

محمد رضوان نے مزید کہا کہ ’میں کھلاڑیوں سے کہتا ہوں، چاہے آپ بھارت کے ساتھ کھیلیں یا ہانگ کانگ کے ساتھ، یہ کھیل بالآخر بلے اور گیند کا ہی ہے، تو اسے اسی طرح سمجھیں، یہ یقیناً ایک بڑا میچ ہے اور ہمارا اعتماد بہت زیادہ ہے لیکن ہمارے ہاتھ میں صرف محنت ہے کیونکہ نتیجہ خدا کی طرف سے ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے اور فائنل میں جانا ہے، ہمارے مداحوں کا مطالبہ ہے کہ ہم اپنی بہترین پرفارمنس دیں اور اس بار یہ نظر آرہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی اپنی بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں‘۔

دریں اثنا بھارت کے خلاف گزشتہ میچ میں عمدہ پرفارمنس دکھانے والے شاہنواد دھانی انجری کا شکار ہونے کے سبب آج سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہنواز دھانی کو سائیڈ اسٹرین کے شکار ہونے کا خدشہ جس کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔

شاہنواد دھانی کے متبادل کے طور پر محمد حسنین اور حسن علی میں سے کسی ایک کو آج بھارت کے خلاف میچ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ2022: سپر فور مرحلہ، پاک-بھارت 4 ستمبر کو پھر مدمقابل

قبل ازیں شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم بھی ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل متحدہ عرب امارات میں انجریز کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کو آج کے میچ میں رویندرا جڈیجا کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جنہوں نے پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا گھٹنے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شاہین آفریدی ایشیا کپ سے باہر

خیال رہے کہ پاکستان سپر فور میں اپنا دوسرا میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گا جو شارجہ میں 7 ستمبر کو ہوگا۔

ایشیا کپ کے سپر فور کا تیسرا میچ سری لنکا اور بھارت کے درمیان 6 ستمبر کو ہوگا، 8 ستمبر کو بھارت اور افغانستان دبئی میں مدمقابل ہوں گے۔

سپر فور مرحلے کا آخری میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 9 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد 11 ستمبر کو سرفہرست 2 ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024