• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایشیاکپ سپر فور: پہلے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع September 3, 2022
سری لنکا نے آخری اوور کی پہلی گیند پر 179 رنز بنائے—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا نے آخری اوور کی پہلی گیند پر 179 رنز بنائے—فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ 2022 کے سپرفور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے بلے بازوں کی ذمہ دارانہ کارکردگی کی بدولت افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

حضرت اللہ زازئی اور رحمٰن اللہ گرباز نے ابتدائی اوورز میں برق رفتار بیٹنگ کی اور اسکور کو آگے بڑھایا اور 22 گیندوں میں 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔

سری لنکا کی جانب سے مادوشانکا نے 46 کے اسکور پر حضرت اللہ زازئی کو آؤٹ کرکے افغانستان کی رفتار کم کرنے کی کوشش کی لیکن گرباز نے مسلسل تیز بیٹنگ جاری رکھی۔

رحمٰن اللہ گرباز نے 4 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا سکور 16 ویں اوور میں 139 رنز تک پہنچا کر فرنینڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

رحمٰن اللہ نے جارحانہ آغاز کیا—فوٹو: اے ایف پی
رحمٰن اللہ نے جارحانہ آغاز کیا—فوٹو: اے ایف پی

ابراہیم زدران نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 38 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے، انہیں مادوشانکا نے آؤٹ کیا۔

افغانستان کی جانب سے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد نبی تھے، جو صرف ایک رن بنانے کے بعد تھیکشانا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نجیب اللہ زدران 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں ڈی سلوا اور مینڈس کے گٹھ جوڑ نے رن آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔

راشد خان آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو آخری گیند رن آؤٹ ہوئے اور ان کی اننگز 9 رنز پر مشتمل تھی۔

افغانستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 175 رنز بنالیے۔

سری لنکا کی جانب سے مادوشانکا نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے ہدف کا تعاقب برق رفتاری سے کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 6 اوورز میں 60 رنز کی شراکت کی۔

کوسل مینڈس نے 19 گیندوں میں 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے اور 62 کے مجموعے پر نوین الحق کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اسالینکا اور پاتھم نے دوسری وکٹ میں اسکور 80 رنز تک پہنچایا تاہم نیسانکا کی 35 رنز کی اننگز کا خاتمہ مجیب الرحمٰن نے رحمٰن اللہ گرباز کے ہاتھوں کیچ کے ذریعے کیا۔

سری لنکن بلے بازوں نے رن ریٹ گرنے نہیں دیا اور اور مطلوبہ رفتار کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا تاہم تیسری وکٹ 94 کے رنز پر چاریتھ اسالینکا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان داسن شناکا اور گوناتھیلاکا نے اسکور 14 اوورز میں 119 رنز تک پہنچایا اور اسی اثنا میں کپتان کی اننگز اختتام کو پہنچی، جنہوں نے 10 رنز جوڑے تھے۔

دانوشکا گوناتھیلاکا نے 20 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی اہم اننگز کھیلی تاہم راشد خان نے ان کی وکٹیں اڑا دین لیکن جب تک وہ ٹیم کو 151 کے اسکور تک پہنچا چکے تھے۔

سری لنکا کے آنے والے بلے بازوں نے ہمت ہارے بغیر پراعتماد بیٹنگ جاری رکھی اور نئے بلے باز بھانوکا راجاپکسا نے صرف 14 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کو جیت کے بالکل قریب لاکھڑا کیا۔

نوین الحق نے جارحانہ اننگز کھیلنے والے راجاپکسا کی وکٹ لی تو سری لنکا کا اسکور 19 ویں اوور کی تیسری گیند میں 174 رنز تھا اور جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا۔

ہسارنگا ڈی سلوا اور کارونارتنے نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اور آخری اوور کی پہلی گیند میں 179 رنز بنا کر ٹیم کو جتوا دیا۔

سری لنکا نے 6 وکٹوں پر 179 رنز بنا کر ایشیا کپ سپر فور کا پہلا میچ جیت لیا اور فائنل تک رسائی کے لیے اپنے امکانات روشن کردیے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن اور نوین الحق نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ افغانستان کے اوپنر رحمٰن اللہ گرباز کو دیا گیا جنہوں نے 84 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا اگلا میچ کل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ہم نے ہدف کے تعاقب میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور اسی کو دہرانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم میچ میں اچھی شراکت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں اور ہماری توجہ اسی پر ہے۔

افغانستان کے کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اچھا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے۔

ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند میچوں میں باؤلرز کی کارکردگی سے خوش ہوں اور امید ہے آج بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ کے گروپ میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو شکست دے دی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

افغانستان: محمد نبی (کپتان)، حضرت اللہ زازئی، رحمٰن اللہ گرباز(وکٹ کیپر)، ابراہیم زدران، نجیب اللہ زدران، کریم جنت، راشد خان، سمیع اللہ شنواری، نوین الحق، مجیب الرحمٰن، فضل الحق فاروقی

سری لنکا: داسن شناکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، کوسل مینڈس (وکٹ کیپر)، چاریتھ اسالینکا، دانوشکا گوناتھیلاکا، بھونوکا راجاپکسا، وانیندو ہسارنگا ڈی سلوا، چمیکا کارونارتنے، مہیش فرنینڈو، دلشان مادوشانکا

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024