• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مہوش حیات کی عالمی برادری سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل

شائع September 3, 2022
اداکارہ نے عالمی اداروں کو بھی مدد کی اپیل کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے عالمی اداروں کو بھی مدد کی اپیل کی—فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکارہ مہوش حیات نے عالمی اداروں اور دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بے گھر ہونے والے لاکھوں پاکستانیوں کی مدد اور بحالی کے لیے آگے آئیں اور سیلاب سے متاثرہ پاکستانی علاقوں میں کام کرنے والی عالمی تنظیموں کی مدد کریں۔

مہوش حیات نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں عالمی برادری اور مداحوں سے بات کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے لاکھوں لوگ تاحال بے گھر ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اداکارہ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے اب تک ملک بھر میں 1500 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ ایک ماہ کے اندر سیلاب متاثرہ 70 ہزار خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد غذائی قلت سمیت صحت کی سہولیات سے بھی محروم ہیں اور اس وقت ان کے لیے ایک گولی اور ایک روپے کی مدد بھی ان کے بہت کام آ سکتی ہے۔

مہوش حیات نے عالمی فلاحی اداروں، ممالک اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی متاثرین کی بحالی کے لیے آگے آئیں اور ان اداروں کے ساتھ تعاون کریں جو پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلاحی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ برطانوی فلاحی ادارے ‘پینی اپیل’ کو اپنے عطیات دے سکتے ہیں، جس کی اداکارہ ایمبیسڈر بھی ہیں اور یہ ادارہ پاکستان کے سیلاب متاثرین علاقوں میں فلاحی کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

علاوہ ازیں مہوش حیات نے برطانوی نشریاتی اداروں ‘بی بی سی’ اور ‘اسکائے نیوز’ سے بھی بات کرتے ہوئے لوگوں کو اپیل کی کہ پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وہ آگے آئیں۔

اداکارہ نے نشریاتی اداروں سے بات کرتے ہوئے دنیا کو بتایا کہ اس وقت پاکستانی سیلاب متاثرین کو ادویات سے لے کر کھانے، بستروں سے لے کر کپڑوں اور بچوں کی ضرورت کی چیزوں سے لے کر خواتین کی چیزوں کی اشد ضرورت ہے، لوگوں کے گھر اور تمام جائدادیں ختم ہوچکی ہیں اور وہ بے سہارا ہوچکے ہیں۔

مہوش حیات سے قبل بھی دیگر شوبز شخصیات نے عالمی برادری کو پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی تھی۔

شوبز شخصیات کے علاوہ سماجی رہنما بھی عالمی برادری سے پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیلیں کرتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ متعدد ممالک اور عالمی اداروں نے متاثرین کے لیے فنڈز کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

علاوہ ازیں اقوام متحدہ (یو این) نے بھی پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کی اپیل کر رکھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024