• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ایشیا کپ: بنگلہ دیش کو سری لنکا کے ہاتھوں 2 وکٹوں سے شکست

شائع September 1, 2022
سری لنکا نے آخری اوور میں 8 وکٹوں پر 184 رنزبنالیے—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا نے آخری اوور میں 8 وکٹوں پر 184 رنزبنالیے—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا اور بنگلہ دیش ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں مدمقابل ہیں—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا اور بنگلہ دیش ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں مدمقابل ہیں—فوٹو: اے ایف پی

ایشیاکپ 2022 کے اہم میچ میں سری لنکا نے کوشل مینڈس اور کپتان داسن شناکا کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 8 وکٹوں پر 184 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2022 کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز اور صابر رحمٰن نے اوپننگ کی اور 3 اوورز میں 19 رنز کی شراکت قائم کی۔

صابررحمٰن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان شکیب الحسن بیٹنگ کے لیے آئے اور اسکور 58 رنز تک پہنچایا تاہم مہدی حسن میراز 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے، جو 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد 87 کے مجموعے پر شکیب الحسن نے تھیکشانا کی وکٹ بن گئے۔

شکیب الحسن نے 22 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔

عفیف حسین نے ایک مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 39 رنز کی اننگز کھیلی اور دوسرے اینڈ سے محموداللہ نے 27 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

دونوں بلے باز بالترتیب 144 اور 147 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ 159 رنز پر آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز مہدی حسن تھے، جنہوں نے صرف ایک رن بنایا۔

مصدق حسین اور تسکین احمد نے جارحانہ انداز میں اسکور آگے بڑھایا اور مقررہ وقت میں بنگلہ دیش نے 7 وکٹوں پر 183 رنز بنائے۔

مصدق حسین نے 24 اور تسکین احمد 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے وانندو ہسارنگا ڈی سلوا اور چمیکا کارونارتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ابتدائی 5 اوورز میں 45 رنز بنا کر اچھا آغاز فراہم کیا۔

پاتھم نسانکا آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جنہوں نے 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنائے اور اس کے بعد دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بلے باز چریتھ اسالینکا صرف ایک رن بناپائے۔

دانوشکا گوناتھیلاکا بھی 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئےتاہم اوپنر کوسل مینڈس نے اچھی بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

بھانوکا راجاپکسے بھی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور 2 رنز کا اضافہ کیا اور 77 کے مجموعے پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ دیا۔

سری لنکا کا اسکور جب 131 رنز پر پہنچا تو کوسل مینڈس بھی 37 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کو چھٹی کامیابی اس وقت ملی جب وانندو ہسارنگا ڈی سلوا 2 رنز بنانے کے بعد تسکین احمد کی گیند پر مہدی حسن کو کیچ دے بیٹھے۔

کپتان داسن شناکا نے 45 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 158 رنز تک پہنچایا اور چمیکا کارونا رتنے 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسیتھا فرنانڈو نے 3 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز بنا کر 184 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا اور ٹیم کو 2 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

سری لنکا نے آخری اوور کی دوسری گیند پر 8 وکٹوں پر 184 رنز بنا کر اہم میچ جیت لیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے عبادت حسین نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، تسکین احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024