• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وڈیرا شاہی ختم نہ ہونے تک سندھ ترقی نہیں کر سکتا، علی گل پیر

شائع August 31, 2022
علی گل پیر کا تعلق بھی وڈیرے گھرانے سے ہے—فوٹو: انسٹاگرام
علی گل پیر کا تعلق بھی وڈیرے گھرانے سے ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کامیڈین و گلوکار علی گل پیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بااثر افراد اور سیاستدانوں سمیت علاقے کے وڈیروں کی جانب سے عوام کے ساتھ مشکل وقت میں نامناسب رویہ اختیار کرنے پر کہا ہے کہ جب تک صوبے سے وڈیرا شاہی کی سوچ ختم نہیں ہوگی تب تک سندھ اور پاکستان ترقی نہیں کرسکتے۔

علی گل پیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر رکن قومی اسمبلی امیر علی شاہ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں رکن قومی اسمبلی کو بارشوں کے بعد ڈوبنے والے علاقے میں ایک چارپائی پر بیٹھ کر منرل واٹر سے پاؤں دھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو چند دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں امیر علی شاہ جیلانی کو سانگھڑ کے ایک گاؤں میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کا دورہ کرتے وقت دکھایا گیا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کے ارد گرد گاؤں کے لوگ موجود ہیں اور وہ چارپائی پر بیٹھ کر آرام سے منرل واٹر سے پاؤں دھوتے دکھائی دیے۔

ان کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان پر تنقید کی گئی تھی اور اسی ویڈیو کو علی گل پیر نے بھی اپنے انسٹاگرام کی اسٹوری میں شیئر کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ایک اور وضاحتی ویڈیو بھی اسٹوری میں شیئر کی۔

علی گل پیر نے بتایا کہ انہیں بعض لوگوں نے بتایا کہ امیر علی شاہ کی شیئر کی گئی ویڈیو پرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کی ویڈیو پرانی ہے تو بھی کوئی بات نہیں، کیوں کہ اس وقت میں وہ نامناسب عمل کرتے دکھائی دیے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ ٹھیک ہے اگر انہوں نے یہ کام سیلاب کے دوران نہیں کیا تو کیا ہوا، ان جیسے لوگوں کا عام طور پر ایسا ہی رویہ ہوتا ہے، جیسا ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔

علی گل پیر نے کہا کہ وہ بھی سندھ میں رہتے ہیں اور انہوں نے اپنے ہی خاندان میں بھی ایسے ہی رویے دیکھے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ان جیسے لوگوں کا رویہ ایسا ہی ہوتا ہے جب ان کا احتساب کیا جاتا ہے تو ان کا رد عمل مختلف ہوتا ہے یا پھر کوئی ان سے بغاوت کرنے کی سوچتا ہے تو اس کا حال ناظم جوکھیو جیسا کردیا جاتا ہے۔

گلوکار و کامیڈین نے کہا کہ انہیں ویڈیو میں نظر آنے والے شخص سے نہیں بلکہ اس سے سوچ سے مسئلہ ہے اور جب تک یہ سوچ رہے گی، کچھ تبدیل نہیں ہوگا۔

علی گل پیر کے مطابق جب تک وڈیرا شاہی کی سوچ ختم نہیں ہوگی، تب تک نہ تو سندھ ترقی کرے گا اور نہ ہی پاکستان ترقی کرے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Aug 31, 2022 10:02pm
سندھ کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024