• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سلمان خان کے دوسرے بھائی سہیل خان کی شادی بھی طلاق پر ختم

شائع August 30, 2022
دونوں نے 1998 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 1998 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ‘دبنگ’ ہیرو سلمان خان کے چھوٹے بھائی اداکار سہیل خان کی سابق اہلیہ سیما خان ساجدے نے پہلی بار اپنی شادی ختم ہونے پر کھل کر بات کرتے ہوئے اپنی شادی کو ‘غیر روایتی’ قرار دیا ہے۔

سیما خان ساجدے نے 1998 میں سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان سے شادی کی تھی اور دونوں کو دو جواں سالہ بیٹے نروان اور یوہان ہیں۔

نرواں کی پیدائش 2000 میں ہوئی تھی جب کہ یوہان کی سروگیسی کے ذریعے 2003 میں پیدائش ہوئی تھی۔

سیما خان ساجدے اور سہیل خان کے درمیان 2020 میں علیحدگی کی خبریں اس وقت آئیں جب کرن جوہر کی جانب سے پروڈیوس کردہ ریئلٹی ویب سیریز ‘دی فیبلس لائیو آف بولی وڈ وائیوز’ ریلیز ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فلم سازوں کا ‘بولی وڈ کی بیویوں’ پر جھگڑا

مذکورہ سیریز کی کہانی بولی وڈ جوڑیوں کی نجی زندگی اور تعلقات پر مبنی تھی اور اس میں سہیل خان اور سیما خان کی کہانی بھی شامل تھی۔

اسی ویب سیریز میں دکھایا گیا تھا کہ سہیل خان اور سیما خان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کے اگلے سال ہی دونوں نے علیحدگی کی تصدیق کردی تھی۔

دونوں کو دو بچے بھی ہیں1فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کو دو بچے بھی ہیں1فائل فوٹو: انسٹاگرام

سیما خان اور سہیل خان کو رواں برس مئی میں ممبئی کی فیملی کورٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا اور اس حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے بتایا تھا کہ دونوں نے طلاق کے درخواست دائر کردی۔

اور اب سیما خان ساجدے نے پہلی بار اپنی شادی طلاق پر ختم ہونے پر کھل کر بات کرتے ہوئے سہیل خان سے شادی کو ‘غیر روایتی’ قرار دیا ہے۔

بولی وڈ ببل سے بات کرتے ہوئے سیما خان ساجدے نے مبہم انداز میں بتایا کہ جیسے جیسے ان کی عمر بڑھ رہی تھی، ویسے ویسے ان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوتے جا رہے تھے، جس وجہ سے انہوں نے علیحدگی اختیار کرلی۔

دوران انٹرویو اگرچہ انہوں نے اپنی شادی ختم ہونے کی بات کی مگر انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ ان کے درمیان قانونی طور پر بھی طلاق ہو چکی یا تاحال معاملہ زیر سماعت ہے۔

سیما خان ساجدے کا کہنا تھا کہ ان کی اور سہیل خان کی شادی کبھی روایتی رہی ہی نہیں تھی، وہ غیر روایتی میاں اور بیوی تھے۔

ان کے مطابق ان کی شادی ختم ہونے پر ان کے بچے اور وہ بھی خوش ہیں اور وہ اب زندگی کے اس مقام تک پہنچ چکی ہیں، جہاں انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے بارے میں کون کیا سوچتا ہے؟

انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ وہ اور سہیل خان مشترکہ طور پر بچوں کی پرورش کر رہے ہیں۔

سیما خان ساجدے ‘دی فیبلس لائیو آف بولی وڈ وائیوز’ کے جلد ریلیز ہونے والے دوسرے سیزن میں بھی دکھائی دیں گی۔

سہیل خان اور سیما ساجدے سے قبل سلمان خان کے دوسرے بھائی اداکار ارباز خان کی شادی بھی 2017 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

ارباز خان اور ملائیکا اروڑا کے درمیان بھی 24 سال تک شادی رہی اور سہیل خان اور سیما خان بھی اتنا ہی عرصہ رشتہ ازدواج میں بندھے رہے۔

دونوں مسلمان بھائیوں کی بیویوں کا تعلق ہندو مذہب سے تھا اور بھارت میں شوبز اور معروف شخصیات میں بین المذاہب شادیاں عام بات ہیں۔

ارباز خان اور ملائیکا اروڑا کی طلاق مئی 2017 میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ارباز خان اور ملائیکا اروڑا کی طلاق مئی 2017 میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024