• KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm

پنجاب کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ فلڈ ریلیف میں عطیہ کرنے کا اعلان

شائع August 30, 2022
متاثرہ علاقوں میں خیمے، خوراک اور دیگر سامان فراہم کیا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب — فوٹو: ڈان
متاثرہ علاقوں میں خیمے، خوراک اور دیگر سامان فراہم کیا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب — فوٹو: ڈان

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سیلاب متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ کے تمام ارکان نے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص کردیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ دیگر صوبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کابینہ نے خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں ادویات اور طبی عملہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کیلئے 25 ہزار روپے امداد کا اعلان

اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لیے دعا اور ورثا سے اظہار ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں خیمے، خوراک اور دیگر سامان فراہم کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا ازالہ بھی کرے گی۔

کابینہ نے بارشوں اور سیلاب سے آبپاشی کے نظام کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے 4 ارب روپے کے خصوصی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی جبکہ ضلع ڈی جی خان میں سرکاری اراضی کی نیلامی کا عمل کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، کمیٹی تمام امور پر غور کرنے کے بعد حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

مزیدپڑھیں: وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فنڈ قائم کردیا

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی این جی اوز کا اجلاس بلانے کی تجویز پر کابینہ نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مسئلے سے بچنے کے لیے انہیں آگاہ کیا جائے گا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کہاں کام کیا جاسکتا ہے، این جی اوز کا اجلاس ایک دو روز میں ہوگا۔

کابینہ نے نکولس روڈ کا نام مرحوم سیاستدان نوابزادہ نصراللہ خان کے نام پر رکھنے کی منظوری دی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور ایشیائی ترقیاتی بینک فنڈڈ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے عملے کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ٹریبونل کے منصور احمد خان کی مدت ملازمت میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مقامی این جی اوز کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی اجازت

پنجاب ریونیو اتھارٹی ایپلیٹ ٹربیونل کے چیئرپرسن اور جوڈیشل اراکین کی تقرری کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے 5ویں پارلیمانی سال 23-2022 کے سالانہ کیلنڈر کی منظوری دی گئی، کابینہ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ سال 2021 کی بھی منظوری دی جبکہ محتسب پنجاب کے دفتر کی سالانہ رپورٹ 2021 کی بھی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں قائم کی گئی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل نو کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ کے پہلے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی، سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024