• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

فاطمہ اور ذوالفقار بھٹو کی متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے عالمی سطح پر کوششیں

شائع August 29, 2022
فنڈز مہم کے ذریعے معروف شخصیات کے آن لائن پروگرامات بھی کیے جائیں گے—فوٹو: ٹوئٹر/ فیس بک
فنڈز مہم کے ذریعے معروف شخصیات کے آن لائن پروگرامات بھی کیے جائیں گے—فوٹو: ٹوئٹر/ فیس بک

سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے جونیئر ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بہن فاطمہ بھٹو نے اپنی دوست منال منشی کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کا منصوبہ شروع کردیا۔

فاطمہ اور ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی دوست کے ہمراہ مل کر ’انڈس ریلیف 2022‘ کے تحت فنڈریزنگ مہم شروع کی ہے اور انہوں نے ’گو فنڈ پر آن لائن‘ عطیات جمع کرانے کے لیے اکاؤنٹ بھی کھول لیا۔

ان کی جانب سے ’گو فنڈ‘ پر بنائے گئے اکاؤنٹ میں بتایا گیا کہ ہے کہ حالیہ سیلاب سے ہر 6 میں سے ایک پاکستانی متاثر ہوا ہے اور راتوں و رات سیکڑوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ چکے۔

آن لائن فنڈ کے پیج پر بتایا گیا کہ سیلاب سے صوبہ سندھ بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہ متاثرین کی بحالی کے لیے فنڈز جمع کر رہے ہیں، جسے بعد ازاں ایدگی فاؤنڈیشن اور لیگل ایڈ سوسائٹی سمیت دیگر فلاحی تنظیموں کو دیا جائے گا جب کہ فنڈز کا کچھ حصہ ہسپتالوں کو بھی دیا جائے گا تاکہ متاثرین کا علاج درست انداز میں ہوسکے۔

فنڈ پیج پر دنیا بھر کے لوگوں کو فنڈ جمع کرنے کی اپیل کی گئی اور ساتھ ہی انہیں بتایا گیا کہ فنڈز جمع کرانے والے افراد اپنے عطیات سے متعلق اپڈیٹ حاصل کرنے کے لیے ’انڈس ریلیف‘ پیج کے انسٹاگرام کو وزٹ کرتے رہیں۔

ان کی جانب سے ابتدائی فنڈز کے لیے 35 ہزار پاؤنڈز کا ٹارگیٹ رکھا گیا ہے جب کہ وہ ’انڈس ریلیف‘ کے تحت مختلف فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات کے ساتھ آن لائن پروگرامات بھی کریں گے اور اس حاصل ہونے والی کمائی بھی فنڈز کے لیے مختص کی جائے گی۔

’انڈس ریلیف‘ کے تحت انہوں نے پاکستانی نژاد برطانوی ناول نگار محسن حامد کے ہمراہ ایک آن لائن پروگرام بھی ترتیب دیا ہے، جس کے لیے انہوں نے پروگرام کو سننے والے تمام افراد کو فنڈز فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

منتظمین کی جانب سے بیرون ملک رہنے والے افراد کو پروگرام سننے کے لیے 45 پاؤنڈ جب کہ پاکستان میں رہنے والے افراد کو 3500 روپے تک جمع کروانے کی اپیل کی گئی ہے۔

ساتھ ہی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سے زیادہ رقم جمع کروائیں، تاکہ متاثرین کی جلد بحالی کے اقدامات شروع کردیے جائیں۔

خیال رہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اور فاطمہ بھٹو کے علاوہ بھی کئی شخصیات فنڈز جمع کرنے میں مصروف ہیں جب کہ جونیئر ذالفقار کو سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ بھی ان کا ہاتھ بٹاتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے اور ان کی ویڈیو و تصاویر وائرل ہونے پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

نواز Aug 30, 2022 02:15am
زرداری نے بھی اسکو جب ہی پاکستان آنے دیا جب اسکا اپنا بیٹا سیاست میں آ گیا ۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024