• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایشیا کپ کے بڑے معرکے سے قبل پاک-بھارت کپتانوں کی مسکراہٹ بھری ملاقات

شائع August 27, 2022
پی سی بی نے بابراعظم اور روہت شرما کی ویڈیو جاری کی—فوٹو: اسکرین گریب
پی سی بی نے بابراعظم اور روہت شرما کی ویڈیو جاری کی—فوٹو: اسکرین گریب

کرکٹ کے مداحوں کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہمیشہ سے دلچسپی سے بھرپور رہا ہے اور جب ایشیا کپ جیسے کسی بڑے ایونٹ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو شائقین کی توجہ مزید بڑھ جاتی ہے۔

ایشیا کپ 2022 میں دونوں ٹیمیں کل (اتوار) مدمقابل ہوں گی اور اس کے لیے دونوں ٹیمیں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہیں جبکہ اسی دوران حریف ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات اور مسکراہٹوں کے تبادلوں کی ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2022: پاک-بھارت ہائی وولٹیج میچ کل دبئی میں کھیلا جائے گا

پاک-بھارت کرکٹ مقابلہ نہ صرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے اعصاب کا مقابلہ ہوتا ہے بلکہ دونوں ٹیموں کے مداح بھی ایک ایک لمحے دباؤ میں رہتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2022 کے کل کے اہم میچ سے قبل ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں اسٹار بلے باز اسٹیڈیم میں موجود ہیں اور خوش گپیوں میں مصروف ہیں۔

بابراعظم اور روہت شرما کو مسکراہٹوں کا تبادلہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے تاہم دونوں آپس میں کیا بات کر رہے ہیں واضح نہیں ہورہا ہے لیکن انہیں کہیں اردو میں بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

پی سی بی نے اس سے قبل بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بھارتی کھلاڑی قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے تھے۔

بھارتی ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے شاہین آفریدی سے ان کی انجری کے بارے میں پوچھا تو شاہین نے بھی ان کی فارم میں جلد واپسی کے لیے دعا کی۔

کوہلی نے شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس کے علاوہ بھارت کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی گراؤنڈ میں موجود شاہین آفریدی سے ملاقات کی اور ان سے انجری کے بارےمیں دریافت کیا، جن میں لیگ اسپنر یوزویندر سنگھ چاہل بھی شامل تھے۔

اس موقع پر سری لنکا کے کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کے مختلف کھلاڑیوں سے ملاقات بھی دکھائی گئی جہاں وہ آپس میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

ایشیا کپ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کو اس وقت دھچکا لگا تھا جب فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا، جس کے بعد محمد وسیم بھی انجری کا شکار ہوئے تاہم ان کے متبادل کے طور پر تجربہ کار حسن علی کو طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت نے طویل عرصے سے آؤٹ آف فارم اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرلیا ہے اور ٹیم متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف بڑے میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ورلڈ کپ مقابلہ ٹی20 کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ قرار

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2022 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا بڑا مقابلہ 28 اگست (کل) کو دبئی میں ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام کو 7 بجے شروع ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا ابتدائی میچ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔

ایشیا کپ کے لیے 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں گروپ اے میں بھارت، پاکستان اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024