• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ایشیا کپ 2022: روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا آج دبئی میں ہوگا

شائع August 28, 2022
دونوں پڑوسی ممالک آج شام پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے مدمقابل ہوں گے — فائل فوٹو: توئٹر/ای ایس پی این
دونوں پڑوسی ممالک آج شام پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے مدمقابل ہوں گے — فائل فوٹو: توئٹر/ای ایس پی این

ایشیا کپ 2022 میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز آج روایتی حریف بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ سے کرے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسن علی، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ کپتان روہت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادو، دیپک ہوڈا، ریشب پنٹ، دنیش کارتک، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا، رویچندرن اشون، یوجویندر چہل، روی بشنوئی، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ اور اویش خان پر مشتمل ہے۔

آخری بار دونوں ٹیمیں گزشتہ سال اکتوبر میں ٹی20 ورلڈ کپ میں مدمقابل آئی تھیں، جس میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آج ہونے والے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شان دار اوپننگ جوڑی ایک بار پھر بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ورلڈ کپ مقابلہ ٹی20 کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ قرار

گزشتہ سال دبئی میں 24 اکتوبر 2021 کو ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں گرین شرٹس کے ہاتھوں 10 وکٹوں کے بڑے مارجن سے بدترین شکست کے بعد بھارت کی جانب سے آج زیادہ محتاط حکمت عملی اپنانے کا امکان ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم زبردست مستقل مزاجی کے ساتھ تینوں طرز کرکٹ میں سب سے قابل اعتماد بلے باز کے طور پر خود کو منوا چکے ہیں، جبکہ محمد رضوان حالیہ برسوں میں ٹی20 کے سب سے خطرناک کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں۔

ٹی20 طرز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کافی وقت تک ایک ساتھ کھیلنے کے بعد دونوں کسی بھی ٹاپ اٹیک کو باآسانی سنبھالنے کا فن جانتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک - بھارت میچ شیڈول کے مطابق ہوگا، آئی سی سی

آج ہونے والے میچ میں جیت کے لیے ٹاس کو بھی اہم عنصر کے طور پر دیکھا جارہا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹاس جیتنے والی ٹیم کا میچ جیتنے کا اتفاق بھی تواتر سے دیکھا گیا تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں ٹیموں کے اہم باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور جسپریت بمراہ ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں جس کے باعث دیگر باؤلرز پر کارکردگی دکھانے کا دباؤ زیادہ ہوگا، اس لیے دونوں ٹیمیں ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کو ترجیح دیں گی تاکہ دوسری اننگز میں دباؤ کم رہے اور ہدف باآسانی حاصل کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں دبئی میں کھیلے گئے 16 میچوں میں سے 15 میچ دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے جیتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان نے بھارت کے خلاف نئے ریکارڈز بنا دیے

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت 15 بار مدِمقابل آچکے ہیں جن میں بھارت نے 8 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور پاکستان نے 5 میچ جیتے جبکہ 2 میچ بے نتیجہ ثابت ہوئے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مضبوط ریکارڈ اور پاکستانی ٹیم کی متاثرکن کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ آج ہونے والا ہائی وولٹیج میچ دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اعصاب کو آزمائے گا۔

دونوں پڑوسی ممالک آج شام پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے مدمقابل ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024