• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایشیا کپ: انجری کا شکار فاسٹ باؤلر محمد وسیم آؤٹ، حسن علی ٹیم میں شامل

شائع August 26, 2022
— فوٹو: محمد وسیم ٹوئٹر / پی سی بی
— فوٹو: محمد وسیم ٹوئٹر / پی سی بی

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر دائیں جانب اسٹرین انجری کے باعث ایشیا کپ ٹی 20 سے باہر ہو گئے ان کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حسن علی کی اسکواڈ میں شمولیت ایونٹ ٹیکینکل کمیٹی (ای ٹی سی) کی منظوری سے مشروط ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ بدھ کو باؤلنگ کے دوران محمد وسیم جونیئر کو کمر میں تکلیف محسوس ہوئی تھی جس کے بعد گزشتہ روز محمد وسیم جونیئر کا ‘ایم آر آئی’ اسکین کروایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شاہین آفریدی ایشیا کپ سے باہر

بیان کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے میڈیکل پینل نے ایم آر آئی کی رپورٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد محمد وسیم جونیئر کی انجری کا اعلان کیا، اس حوالے سے پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور ایک آزاد فزیو سے بھی مشاورت کی گئی۔

مزید کہا گیا کہ محمد وسیم جونیئر اپنا ری ہیب مکمل کریں گے، پی سی بی کا میڈیکل پینل اب انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل محمد وسیم جونیئر کی انجری کا دوبارہ جائزہ لے گا، جس کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بیان کے مطابق فاسٹ باؤلر حسن علی کو محمد وسیم جونیئر کی جگہ قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، ان کی اسکواڈ میں شمولیت ایونٹ ٹیکینکل کمیٹی (ای ٹی سی) کی منظوری سے مشروط ہے۔

ای ٹی سی کی منظوری کے بعد حسن علی پہلی دستیاب فلائٹ سے دبئی روانہ ہو جائیں گے۔

مزید پڑھیں : ایشیا کپ:قومی ٹیم بھارت کیخلاف نئے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی، وسیم اکرم

بیان میں بتایا گیا کہ ٹیم منیجمنٹ نے محمد وسیم جونیئر کی جگہ حسن علی کی اسکواڈ میں شمولیت کی درخواست کی تھی جسے چیف سیلکٹر نے منظور کر لیا۔

خیال رہے کہ 20 اگست کو قومی ٹیم کی ایشیا کپ ٹی20 کی تیاریوں کو بڑا دھچکا لگا تھا جب فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی 6 ملکی ٹورنامنٹ ایشیا کپ سے باہر ہو گئے تھے۔

22 اگست کو پی سی بی نے انجری کا شکار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ محمد حسنین کو ایشیا کپ کے لیے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور آزاد اسپیشلسٹ کے پینل نے شاہین شاہ آفریدی کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی تھی کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے پہلے وہ فٹ ہو جائیں گے۔

شاہین سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ کیلئے شاہین کی جگہ حسنین پاکستان ٹیم میں شامل

پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو نے کہا تھا کہ میں نے شاہین سے بات کی ہے اور وہ اس خبر سے پریشان ہیں لیکن وہ بہادر نوجوان ہیں جس نے اپنے ملک اور ٹیم کے لیے مستقبل میں خدمات انجام دینا کا عزم ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان 28 اگست کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے اپنی ایشیا کپ 2022 کی مہم کا آغاز کرے گا جبکہ اس کا دوسرا گروپ میچ 2 ستمبر کو شارجہ میں کوالیفائر (یو اے ای، کویت، سنگاپور یا ہانگ کانگ) میں سے کسی ایک سے ہوگا۔

ایشیا کپ کے سپر فور میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، حسن علی، نسیم شاہ، محمد حسنین، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024