• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیراعظم کا سندھ حکومت کو 15 ارب روپے گرانٹ دینے کا اعلان

شائع August 26, 2022
وزیر اعظم نے کہا متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ صوبہ سندھ کی حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے ملک بھر میں ایسی تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی، متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور بین الاقوامی برادری کے تعاون سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور متاثرین کی آبادکاری کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جمعہ کو سکھر پہنچے تو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شدید بارشوں کے بعد سیلاب کی وارننگ، سوات اور چارسدہ میں ایمرجنسی نافذ

شہباز شریف نے صوبہ سندھ میں سکھر، روہڑی، خیرپور، فیض گنج، کوٹ ڈیجی اور ٹھری میر واہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مقیم سفارتکاروں، ہائی کمشنرز اور سینئر سفارتی عملے سے ملاقات کی ہے اور انہیں ملک بھر میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب میں 900 سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور جاں بحق افراد کے خاندان کے لیے وفاق کی جانب سے 10، 10 لاکھ روپے امداد جبکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ کے تحت فی گھر 25 ہزار روپے دینے اعلان کیا۔

انہوں نے سندھ حکومت کو سیلاب متاثرین کے لیے 15 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس رقم سے سیلاب متاثرین کی مدد ہوگی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی اور آج سے سندھ حکومت میں امدادی رقوم کی ترسیل شروع ہوجائے گی۔

شہباز شریف کا این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سندھ حکومت کو 15 لاکھ اور بلوچستان حکومت کو 5 لاکھ مچھر دانیاں دی جائیں گی، جبکہ صاف پانی، خوراک اور خیمے بھی صوبوں کا دیے جائیں گے۔

انہوں نے سندھ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں بہترین اقدامات کیے ہیں، متاثرین کے لیے میڈیکل سینٹر، ڈاکٹرز، پیرا میڈک اسٹاف بھی موجود ہیں، تمام سیاسی جماعتیں مل کر اس کا مقابلہ کریں گی، بارش اور سیلاب سے اتنے بڑے نقصانات کا سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین افراد کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے مطابات پورے کیے جائیں گے، اس مصیبت کے وقت میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کیلئے 30 لاکھ ڈالر امدادکا اعلان کردیا

وزیر اعظم نے افواج پاکستان، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات اُن کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نیول چیف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا ساتھ دیں گے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سیلابی صورتحال میں حکومت سندھ کا ساتھ دینے اور سکھر کا دورہ کرنے پر وزیر اعظم شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدمت کا وقت ہے، سیاسی جماعتوں کو ایک ہوکر مشکل کا مقابلہ کرنا ہے، سیلاب سے فصلوں اور مویشیوں، شہروں اور دیہاتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں اور سیلاب سے ملک کے ہر صوبے میں تباہی

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عوام اور باقی ادارے بھی امداد دیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت عالمی امداد کی سخت ضرورت ہے، اس وقت ہمیں راشن ، مچھر دانی اور ٹینٹ کی اشد ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد امداد فراہم کریں اور سیلاب متاثرین کی مدد کریں، ہمیں وفاق کے ساتھ مل پر اس مشکل وقت میں صورتحال پر قابو پانا ہے۔

وزیراعظم کا ہنگامی صورتحال پر سفرا کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال پر اسلام آباد میں سفرا کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے سلسلے میں امداد کے لیے ڈونرز، دوست ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد میں مقیم سفرا اور ہائی کمشنرز سے ملاقات کروں گا تاکہ انہیں چیلنج کی نوعیت اور مدد کی ضرورت سے آگاہ کیا جاسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سفرا کو حکومت کے ریسکیو اور امدادی آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024