• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

بات پکی ہوچکی، شادی کی جلدی ہے، جنت مرزا

شائع August 25, 2022
ٹک ٹاکر کے مطابق انہیں پولیس افسر بننے کا شوق تھا—فوٹو: انسٹاگرام
ٹک ٹاکر کے مطابق انہیں پولیس افسر بننے کا شوق تھا—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان میں سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ٹک ٹاکر جنت مرزا نے کہا ہے کہ ان کے رشتے کی بات پہلے ہی پکی ہو چکی ہے اور وہ جلد سے جلد شای کی خواہاں ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان سمیت ان کی دیگر دو بہنیں علیشبہ انجم اور سحر بھی سوشل میڈیا اسٹار ہیں مگر وہ گھر میں بہنوں کی طرح رہتی ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ٹک ٹاک کا کوئی شوق نہیں تھا، وہ اپنی بہن علیشبہ کو بھی ٹک ٹاک استعمال کرنے پر ڈانٹتی تھیں مگر پھر ان سے ہی متاثر ہوکر انہوں نے ویڈیوز بنانا شروع کیں اور خوش قسمتی سے بہن سے زیادہ مقبول ہوگئیں۔

ان کے مطابق انہوں نے ٹک ٹاک سے شہرت حاصل کرنے کے بعد پنجابی زبان کی ایک فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور اب وہ اردو فلموں میں اداکاری کی خواہش مند ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی بہن علیشبہ کے فالوورز ان سے زیادہ ہوجائیں گے اور ساتھ ہی کہا کہ وہ اپنی دوسری بہن سحر کو بھی ٹک ٹاک بنانے کا کہتی رہتی ہیں مگر وہ صرف یوٹیوب پر ویڈیوز بناتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ انصاری کے بعد جنت مرزا نے بھی ان سے معذرت کرلی

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں سی ایس ایس کرکے پولیس افسر بننے کا شوق تھا، کیوں کہ ان کے والد بھی پولیس افسر ہیں مگر وہ ٹک ٹاک اسٹار بن گئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں کوئی مغروری نہیں، وہ اپنے مداحوں اور عام لوگوں سے بڑے احترام اور پیار سے ملتی ہیں اور ان کی بہنیں بھی ان کے نقش قدم پر چلتی ہیں۔

شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں جنت مرزا نے بتایا کہ ان کے رشتے کی بات پکی ہو چکی ہے اور ان کی شادی بھی جلد ہوجائے گی۔

اسی دوران انہوں نے کہا کہ انہیں شادی کرنے کی جلدی ہے اور چاہتی ہیں کہ وہ جلد پیا گھر سدھار جائیں۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ان کے منگیتر کو بھی شادی کی جلدی ہے مگر وہ بھی چاہتی ہیں کہ یہ پیار محبت جلد ہی شادی میں تبدیل ہوجائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ جنت مرزا نے ٹک ٹاکر عمر بٹ سے منگنی کرلی اور وہ جلد شادی کرنے والے ہیں۔

عمر بٹ اور جنت مرزا کو ایک دوسرے کے ساتھ ویڈیوز میں بھی دیکھا گیا، تاہم دونوں نے کبھی اپنے رشتے سے متعلق کھل کر میڈیا میں اعتراف نہیں کیا۔

اب جنت مرزا نے ان کا نام لیے بغیر اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے رشتے کی بات پکی ہو چکی ہے اور وہ جلد شادی کی خواہاں ہیں۔

ٹک ٹاک پر ان کے تقریبا 2 کروڑ فالوورز ہیں جب کہ انسٹاگرام پر بھی ان کے 35 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، وہ شارٹ ویڈیو ایپلی کیشن پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024